بلوچ قوم کی سب سے بڑی کمزوری ‘انا اور ضد’ ہے جس نے تباہ کن اندرونی جنگوں کو جنم دیا، میر طاہر بزنجو

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق سینیٹر و معروف دانشور میر طاہر بزنجو نے اپنے ایک فکری بیان میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں آباد قوموں کے مزاج صدیوں کے طویل سفر میں بنتے ہیں، اور تمام قومیں اپنے اپنے جداگانہ مزاج، مخصوص روایات اور نفسیات رکھتی ہیں۔انہوں نے بلوچ قوم کی تاریخ اور مزاج پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بلوچ بنیادی طور پر انتہائی خوددار اور جرات مند ہیں، جو کہ ان کی شخصیت اور تاریخ کی سب سے بڑی اور نمایاں خوبی ہے۔ اسی جرات اور خودداری کے باعث بلوچ قوم نے صدیوں سے بڑی بڑی طاقتوں کے درمیان زندگی بسر کرنے اور سخت ترین جغرافیائی و سیاسی حالات کا سامنا کرنے کے باوجود نہ صرف اپنی قومی شناخت کو برقرار رکھا بلکہ اپنی مادری زبان کو بھی ہمیشہ زندہ و جاوید رکھا ہے۔سابق سینیٹر میر طاہر بزنجو نے بلوچ قوم کے داخلی مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے “انا کے کچہرے” کو بلوچ کی سب سے بڑی قومی کمزوری قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسی حد سے بڑھی ہوئی انا اور ضد کی وجہ سے تاریخ کے مختلف ادوار میں بلوچ قبائل آپس میں ہی ہولناک اور خونریز جنگیں لڑتے رہے ہیں۔ ان داخلی جنگوں اور تنازعات کا انجام اور مجموعی نتائج بطور قوم بلوچ کے لیے ہمیشہ انتہائی نقصان دہ اور معاشی و سماجی طور پر سراسر تباہ کن ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماضی کی ان غلطیوں سے سبق سیکھ کر قوم کو آگے بڑھنا چاہیے۔
