زیارت میں پروسپکٹ پوائنٹ دہشت گرد حملے کے خلاف آل پارٹیز کی بہت بڑی احتجاجی ریلی

دہشت گردی سے عوام کو خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا، ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے سزا دی جائے، مظاہرین کا مطالبہ


زیارت(قدرت روزنامہ)زیارت پروسپکٹ پوائنٹ پر ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے کے خلاف زیارت میں آل پارٹیز کے زیرِ اہتمام ایک عظیم احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس احتجاجی ریلی میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، جمعیت علمائے اسلام، اور پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی سمیت دیگر تمام علاقائی و قومی سیاسی جماعتوں کے رہنماں اور کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے دہشت گردی اور امن دشمن عناصر کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے اس واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔ریلی کے شرکا اور مقررین کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دہشت گردی کی ایسی سفاکانہ کارروائیوں کے ذریعے عوام کو ہرگز خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا، اور زیارت سمیت پورے بلوچستان میں پائیدار امن و امان کے قیام کے لیے تمام سیاسی و سماجی قوتیں مکمل طور پر متحد اور یکجاں ہیں۔ انہوں نے حکومت اور انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ پروسپکٹ پوائنٹ حملے میں ملوث تمام دہشت گرد عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سے سخت عبرتناک سزا دی جائے۔ ریلی کے اختتام پر شرکا نے واقعے کے شہدا کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور پورے علاقے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

WhatsApp
Get Alert