ہاردیک پانڈیا اور ماہیکا شرما نے شادی کرلی؟ سندور کے ساتھ تصاویر وائرل

نئی دہلی (قدرت روزنامہ)بھارتی کرکٹر ہاردیک پانڈیا اور اداکارہ و ماڈل ماہیکا شرما کے تعلقات ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، جہاں سوشل میڈیا پر دونوں کی خفیہ شادی کی قیاس آرائیاں گردش کر رہی ہیں۔

یہ افواہیں اس وقت زور پکڑ گئیں جب ہاردیک پانڈیا اور ماہیکا شرما کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں دونوں ایک معمر خاتون کے ساتھ موجود ہیں۔ صارفین نے تصویر کا بغور جائزہ لینے کے بعد دعویٰ کیا کہ ماہیکا شرما کی مانگ میں سندور نظر آ رہا ہے، جبکہ تصویر میں موجود بزرگ خاتون دونوں کے ہاتھ تھامے ہوئے دکھائی دے رہی ہیں۔

اسی وجہ سے کئی سوشل میڈیا صارفین نے اندازہ لگانا شروع کر دیا کہ شاید یہ تصویر دونوں کی کسی نجی شادی کی تقریب کے بعد لی گئی ہے۔ تاہم ہاردیک پانڈیا یا ماہیکا شرما کی جانب سے اب تک شادی سے متعلق کوئی باضابطہ تصدیق یا بیان سامنے نہیں آیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر کے بعد مداحوں کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ دونوں نے طویل عرصے تک ایک دوسرے کو جاننے کے بعد اپنے رشتے کو نئے مرحلے میں داخل کر لیا ہے، تاہم یہ بات فی الحال صرف قیاس آرائیوں تک محدود ہے۔

ہاردیک پانڈیا نے اپنی سابقہ اہلیہ سربین نژاد نتاشا اسٹینکووچ سے علیحدگی کے تقریباً دو برس بعد ماہیکا شرما کے ساتھ اپنے تعلقات کی خبریں سامنے آنے پر انہیں اپنی زندگی کی نئی ساتھی کے طور پر متعارف کروایا تھا۔

اکتوبر 2025 میں ہاردیک پانڈیا نے انسٹاگرام اسٹوری پر ماہیکا شرما کے ساتھ ساحلِ سمندر پر موجود ایک تصویر شیئر کی تھی، جس میں دونوں خوشگوار لمحات گزار رہے تھے۔ اس تصویر کے بعد بھی ان کے تعلقات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کافی چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں۔

آسام سے تعلق رکھنے والی 31 سالہ ماہیکا شرما ہاردیک پانڈیا سے تقریباً سات برس چھوٹی ہیں اور بھارتی فیشن انڈسٹری کا معروف نام سمجھی جاتی ہیں۔ وہ متعدد معروف میگزینز کے سرورق پر نظر آ چکی ہیں، جبکہ انڈین فیشن ایوارڈز میں ماڈل آف دی ایئر کا اعزاز بھی حاصل کر چکی ہیں۔

واضح رہے کہ ہاردیک پانڈیا اور ماہیکا شرما کی شادی سے متعلق خبریں تاحال غیر مصدقہ ہیں اور حتمی صورتحال دونوں کی جانب سے باضابطہ اعلان کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔

WhatsApp
Get Alert