غیر رجسٹرڈ اور بند سم پر چلنے والے واٹس ایپ اکاؤنٹس جلد بلاک کردیئے جائیں گے، پی ٹی اے کی وارننگ
صارفین فوری اپنے واٹس ایپ نمبر کسی ایسی سم سے منسلک کریں جو فعال اور ان کے نام پر رجسٹرڈ ہو؛ ہدایت نامہ جاری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک انتہائی اہم اور ہنگامی الرٹ جاری کیا ہے، جس کے تحت غیر فعال یا غیر رجسٹرڈ سم کارڈز پر چلنے والے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی ٹی اے نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی اچانک پریشانی سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنے اکاؤنٹس کی حیثیت چیک کریں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق ایسے تمام واٹس ایپ اکاؤنٹس جلد ہی صارفین کی پہنچ سے دور یعنی ناقابلِ رسائی ہو سکتے ہیں جو کسی ایسی سم پر چل رہے ہیں جو مستقل بند ہے، پی ٹی اے یا موبائل کمپنی کی طرف سے بلاک کی جا چکی ہے، ڈی ایکٹیویٹ ہو چکی ہے یا پھر صارف کے نام پر باقاعدہ رجسٹرڈ نہیں ہے۔
پی ٹی اے نے تمام صارفین کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے واٹس ایپ نمبر کو کسی ایسی سم سے منسلک کریں جو فعال ہو اور ان کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہو، صارفین اس بات کی فوری تصدیق کریں کہ ان کا موجودہ واٹس ایپ نمبر جس سم پر بنا ہوا ہے، وہ سم ورکنگ کنڈیشن میں ہے یا نہیں۔
اس ضمن میں پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اور قانونی ضوابط کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، اگر آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ کسی بند یا غیر رجسٹرڈ سم پر چل رہا ہے، تو وہ کسی بھی وقت خود بخود لاگ آؤٹ ہو سکتا ہے، جس کے بعد آپ کا قیمتی ڈیٹا اور چیٹس ضائع ہونے کا اندیشہ ہے، لہٰذا واٹس ایپ اکاؤنٹ کے اچانک بلاک یا لاگ آؤٹ ہونے سے پہلے ہی اپنے نمبر کو قانونی اور رجسٹرڈ سم پر منتقل کرلیں۔
