یوٹیوب شارٹس ہمیشہ کیلئے بدلنے والا ہے، بڑے فیچرز آگئے

لندن (قدرت روزنامہ)ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے اپنے مختصر ویڈیو فارمیٹ یوٹیوب شارٹس کے لیے متعدد نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جنہیں آئندہ چند دنوں اور ہفتوں کے دوران مرحلہ وار دنیا بھر کے صارفین کے لیے جاری کیا جائے گا۔
نئے فیچرز میں سب سے نمایاں “کلیئر اسکرین” (Clear Screen) موڈ ہے، جس کے ذریعے ویڈیو فل اسکرین میں دیکھی جا سکے گی جبکہ تمام بٹن، ٹیکسٹ اور دیگر یوزر انٹرفیس عناصر عارضی طور پر غائب ہو جائیں گے، تاکہ صارفین بغیر کسی خلل کے ویڈیو سے لطف اندوز ہو سکیں۔
یوٹیوب شارٹس میں 2x پلے بیک اسپیڈ کا فیچر بھی شامل کیا جا رہا ہے، جس کی مدد سے صارفین ویڈیوز کو دوگنی رفتار سے دیکھ سکیں گے۔
صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے یوٹیوب نے تھمبز اپ (Thumbs Up) آئیکون کی جگہ ہارٹ (Heart) آئیکون متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس سے ویڈیوز پر ردِعمل دینا مزید آسان اور دلچسپ ہوگا۔
اس کے علاوہ ویڈیو کو میوٹ (Mute) کرنے کا عمل بھی پہلے سے زیادہ سہل بنا دیا گیا ہے۔ اب صارفین اسکرین پر ٹیپ کرکے ویڈیو کو روکنے کے بعد نئے میوٹ بٹن کے ذریعے فوری طور پر آواز بند کر سکیں گے۔
یوٹیوب کے مطابق یہ تمام نئے فیچرز مرحلہ وار عالمی سطح پر صارفین تک پہنچائے جائیں گے، جس کا مقصد یوٹیوب شارٹس کے استعمال کو مزید آسان، تیز اور بہتر بنانا ہے۔
