آپ کا واٹس اپ اچانک بند ہو جائے گا! پی ٹی اے نے صارفین کو ممکنہ خطرے سے آگاہ کردیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ صارفین کے لیے اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ غیر فعال، بلاک، ڈی ایکٹیویٹ یا غیر رجسٹرڈ سم سے منسلک اکاؤنٹس تک رسائی متاثر ہو سکتی ہے۔
اعلامیے کے مطابق صارفین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کا واٹس ایپ نمبر ایک فعال اور درست سم سے منسلک ہو تاکہ سروس میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
پی ٹی اے نے زور دیا ہے کہ فعال سم کا استعمال نہ صرف رابطے برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ صارفین کی چیٹس، کانٹیکٹس اور مجموعی ڈیجیٹل شناخت کے تحفظ کے لیے بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اتھارٹی نے صارفین کو یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے واٹس ایپ سے منسلک نمبر کی جانچ کریں اور اگر سم غیر فعال ہو چکی ہے تو اسے تبدیل یا اپڈیٹ کریں۔
مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی سم استعمال میں نہیں رہی تو صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ فوری طور پر کسی فعال اور تصدیق شدہ سم پر منتقل کریں تاکہ کسی ممکنہ مسئلے سے بچا جا سکے۔
پی ٹی اے نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ ضرورت پڑنے پر صارفین قریبی فرنچائز یا سروس سینٹر سے بائیومیٹرک تصدیق اور سم کی دوبارہ جانچ کروا لیں۔
اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ اس معاملے میں تاخیر کی صورت میں اکاؤنٹس اچانک لاگ آؤٹ ہو سکتے ہیں یا مکمل طور پر غیر قابلِ رسائی ہو سکتے ہیں۔ اتھارٹی نے واضح کیا کہ موبائل نمبر صرف رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ صارف کی ڈیجیٹل شناخت کا بنیادی حصہ بھی ہے۔
