14قیمتی جانوں کا ضیاع ناقابل تلافی سانحہ ہے، ملزمان کو قانون کے شکنجے میں لائیں گے

واقعہ کی مکمل شفاف اور غیرجانبدرانہ تحقیقات کی ہدایت کردی،غفلت کے مرتکب افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکا ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے کے واقعے پر دکھ کا اظہار


لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب نے کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے کے واقعے پر گہرے رنج اور غم کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے جاں بحق معصوم بچوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بطور ماں والدین کی تکلیف کا اندازہ کرسکتی ہوں، تکلیف کا اظہار کرنے کیلئے الفاظ نہیں مل رہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور امدادی کاروائیاں فوری شروع کردی گئیں۔ ریسکیو آپریشن مکمل کرکے 20 بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔14قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی المناک اور ناقابل تلافی سانحہ ہے۔ سانحے کے ذمہ دار کسی رعایت کے مستحق نہیں ، ملزمان کو قانون کے شکنجے میں لائیں گے۔ واقعہ کی مکمل شفاف اور غیرجانبدرانہ تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔
غفلت یا کوتاہی کے مرتکب افراد کوقانون کے مطابق کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے حفاظتی معیار کا جامع جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ مستقبل کیلئے مربوط اور مئوثر حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔مزید برآں اسپیشل برانچ اور پولیس نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ مرتب کرلی۔ ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے کا واقعہ بستی عیدگاہ آبلووالی گلی کاہنہ میں پیش آیا، زخمی خاتون ٹیچر انیلا گرفتار مالک مکان کی بیوی ہے۔
حادثے کا شکار گھر 6 مرحلے پر محیط ہے، وقوعہ کے وقت گھر میں بچوں کی تعداد 18 سے 20 تھی، جاں بحق بچوں کی عمریں تقریبا 6 سے 12 سال کے درمیان ہے۔ رپورٹ کے مطابق گھر کی چھت ٹی آرگارڈر کی تھی، بالائی منزل پر ٹائل لگائی جارہی تھیں۔ گھر کے مالک ریحان سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار افراد میں گھر کی تعمیر کرنے والا مستری بھی شامل ہے۔

WhatsApp
Get Alert