ٹک ٹاک بنانے کا جنون؛ شیخوپورہ کے 5 نوجوان گاڑی لے کر دریا میں اُتر گئے
دریائے کنہار کی تیز موجوں میں قیمتی ویگو ڈالا بہہ گیا، ریسکیو ٹیم نے پانچوں نوجوانوں کو معجزانہ طور پر زندہ بچا لیا

مانسہرہ(قدرت روزنامہ)ناران کے سیاحتی مقام پر ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے جنون میں مبتلا 5 سیاح موت کے منہ میں جاتے جاتے بال بال بچ گئے، دریائے کنہار کے تیز بہاؤ میں ان کی قیمتی ویگو ڈالا گاڑی بہہ گئی، خوش قسمتی سے وہاں موجود تربیت یافتہ رافٹنگ ٹیم نے بروقت ریسکیو بوٹ کے ذریعے پانچوں نوجوانوں کو معجزانہ طور پر بحفاظت نکال لیا۔
اطلاعات کے مطابق پنجاب کے شہر شیخوپورہ سے ناران کی سیر کے لیے آنے والے 5 سرپھرے نوجوانوں نے دھم دھمہ کے مقام پر دریا کے اندر گاڑی لے جاکر وہاں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی کوشش کی، نوجوان ویڈیو بنانے میں مصروف تھے کہ دریائے کنہار کے اچانک تیز بہاؤ اور موجوں نے گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ویگو گاڑی دریا کے گہرے پانی میں بہہ گئی۔
بتایا گیا ہے کہ گاڑی بہنے اور نوجوانوں کے پانی میں پھنسنے پر وہاں موجود مقامی لوگوں اور سیاحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، ایسے میں وہاں موجود ایک تربیت یافتہ رافٹنگ ٹیم نے فوری بہادری کا مظاہرہ کیا اور اپنی ریسکیو بوٹ یعنی امدادی کشتی کے ذریعے دریا کی تیز لہروں کا مقابلہ کرتے ہوئے پانچوں نوجوانوں کو بحفاظت نکال لیا۔
ایس پی بالاکوٹ نے میڈیا کو بتایا کہ حادثہ شام کے وقت پیش آیا اور رات کا اندھیرا پھیلنے کی وجہ سے تیز بہاؤ سے گاڑی کو باہر نہیں نکالا جا سکا، دریا میں بہہ جانے والی اس ویگو گاڑی کو نکالنے کے لیے آج دوبارہ ریسکیو آپریشن شروع کیا جائے گا اور اسے نکالنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔
بتایا جارہا ہے کہ اس خطرناک واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے ناران آنے والے تمام سیاحوں سے سخت اپیل کی ہے کہ وہ دریائے کنہار کے بالکل کنارے یا اندر اپنی گاڑیاں لے جانے سے مکمل گریز کریں، کیوں کہ پہاڑی علاقوں میں موسم کی تبدیلی کے باعث دریائے کنہار کا بہاؤ کسی بھی وقت اچانک انتہائی تیز ہو سکتا ہے، اس لیے سیاح اپنی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں اور ایسے خطرناک مقامات پر جانے سے اجتناب کریں۔
