زیارت: مانگی ڈیم پمپ اسٹیشن پر ڈیوٹی میں غفلت، اے ایس آئی سمیت 11 پولیس اہلکار معطل
ایس پی زیارت کی جانب سے اہلکاروں کو فوری پولیس لائن رپورٹ کرنے کے احکامات جاری، محکمانہ کارروائی شروع

زیارت(قدرت روزنامہ)مانگی ڈیم فیز تھری پمپ اسٹیشن پر تعینات 11 پولیس اہلکار معطل، لائن حاضر۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایس پی ضلع زیارت نے مانگی ڈیم فیز تھری پمپ اسٹیشن پر سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے والے ایک اے ایس آئی سمیت 11 پولیس اہلکاروں کو فرائض میں غفلت برتنے پر معطل کرتے ہوئے پولیس لائن زیارت رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
دفتری حکم نامے کے مطابق متعلقہ اہلکاروں کی جانب سے ڈیوٹی کے دوران غفلت اور لاپرواہی برتنے پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ تمام اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کرکے پولیس لائن زیارت رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ معطل اہلکار دورانِ معطلی پولیس لائن زیارت میں حاضر رہیں گے، جبکہ ان کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی جاری رہے گی۔ ایس پی زیارت کی جانب سے جاری یہ احکامات 30 جون 2026 کو نافذ کیے گئے، جن کی نقول متعلقہ پولیس حکام کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔
