وادی کالام کی سیف اللہ جھیل میں سیاحوں کی کشتی الٹ گئی، ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق، 3 لاپتہ

سوات(قدرت روزنامہ)اپر سوات کے مشہور سیاحتی مقام کالام میں واقع سیف اللہ جھیل پر تفریح کے لیے آنے والے ایک ہی خاندان کے سیاحوں پر قیامت ٹوٹ پڑی، جہاں سیاحوں سے بھری ایک کشتی اچانک جھیل میں الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 5 افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، خاندان کے دیگر 3 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ہنگامی آپریشن جاری ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے اور موسم کا لطف اٹھانے کے لیے آنے والے ایک ہی خاندان کے 8 افراد سیف اللہ جھیل میں کشتی رانی کر رہے تھے کہ اس دوران کشتی اچانک توازن برقرار نہ رکھ سکی اور گہرے پانی میں الٹ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور لاپتہ افراد کو نکالنے کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا، جھیل کے تیز بہاؤ کے باعث 5 افراد کی لاشیں بہتی ہوئی آگے مہوڈنڈ کے مقام پر پہنچیں، جہاں سے ریسکیو اہلکاروں نے انہیں پانی سے نکال لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ واقعے میں ڈوبنے والے خاندان کے دیگر 3 افراد کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا اور وہ پانی میں لاپتہ ہیں، مقامی غوطہ خور اور ریسکیو ٹیمیں اندھیرا ہونے کے باوجود ان کی تلاش کیلئے کوششیں کر رہی ہیں، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ان کے زندہ بچنے کی امیدیں دم توڑتی جا رہی ہیں۔
