دانہ سر بس حادثہ: 26 جاں بحق افراد کی شناخت مکمل، لاشیں آبائی علاقوں کو روانہ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے علاقے دانہ سر میں پیش آنے والے المناک بس حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کی شناخت اور منتقلی کا عمل جاری ہے۔ ایدھی ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے 33 افراد کی لاشیں ژوب سول اسپتال منتقل کی گئی تھیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ایدھی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک 33 میں سے 26 جاں بحق افراد کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے، جس کے بعد ان کی میتیں ضروری قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق شناخت ہونے والے جاں بحق افراد کا تعلق پشاور، مالاکنڈ، باجوڑ، وزیرستان، بنوں، لکی مروت، قلعہ عبداللہ اور بھکر سے ہے، جبکہ باقی افراد کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ایدھی ذرائع نے مزید بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی کوچ کے ڈرائیور بابو استاد کا تعلق لورالائی سے تھا، جو اس افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔
یاد رہے کہ دانہ سر کے مقام پر پیش آنے والا یہ بس حادثہ حالیہ دنوں کے المناک ترین حادثات میں شمار کیا جا رہا ہے، جس میں قیمتی انسانی جانوں کا بڑا نقصان ہوا۔ متعلقہ ادارے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
