حمید کاکڑ اور آمنہ خان کون ہیں؟ ڈیفنس کے کیفے میں لڑکی پر حملہ! سی سی ٹی وی وائرل

کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس کے بخاری کمرشل میں قائم ایک کیفے کے اندر نوجوان لڑکی پر مبینہ تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ چکی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ یکم جولائی کی رات تقریباً ساڑھے نو بجے اس وقت رونما ہوا جب ریسٹورنٹ میں موجود ایک لڑکی پر چار خواتین اور ایک مرد نے مبینہ طور پر حملہ کر دیا۔ اس اچانک حملے کے نتیجے میں لڑکی کو چوٹیں آئیں اور ان کے ہاتھ کی ایک انگلی کا ناخن بھی اکھڑ گیا۔
متاثرہ لڑکی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی دوست کے ہمراہ کیفے میں رات کا کھانا کھا رہی تھیں کہ اسی دوران حمید کاکڑ، آمنہ خان، رنزا شاہ اور سنینہ حق نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر ان پر دھاوا بول دیا۔
متاثرہ لڑکی کا مزید الزام ہے کہ مارپیٹ کے دوران حملہ آوروں نے ان کا گلا دبانے کی کوشش کی جبکہ انہیں جان سے مارنے اور اغوا کرنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں سزا دی جائے اور انصاف فراہم کیا جائے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لیے متاثرہ لڑکی کو آج تھانے بلایا گیا تھا جہاں ضابطے کی کارروائی کے تحت ان کا طبی معائنہ کروانے کے لیے سرکاری مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ جیسے ہی ہسپتال سے لڑکی کی طبی رپورٹ موصول ہوگی متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی جائے گی۔
