دانہ سر بس حادثہ: بس کمپنی اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج، ذمہ داروں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا، شاہد رند

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے کہا ہے کہ دانہ سر کے مقام پر پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے کے بعد بس کمپنی اور ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
شاہد رند نے اپنے بیان میں بتایا کہ گزشتہ روز بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے دانہ سر میں پیش آنے والے افسوسناک بس حادثے میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی دلخراش ہے اور حکومت بلوچستان قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ اداروں نے امدادی کارروائیاں شروع کیں، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات اور ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جا سکے۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بس کمپنی اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور قانون کے مطابق تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حادثے کے ذمہ دار کسی بھی فرد یا ادارے کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور تمام ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی اور اس سانحے کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے صوبے بھر میں مسافر گاڑیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ان کے مطابق حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ٹرانسپورٹ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرائے گی تاکہ مسافروں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
