غیرملکی خواتین زیادتی اور اغواء کیس: ساجد خان کا رضا ڈار سے کیا تعلق؟

لاہور (قدرت روزنامہ) دو غیرملکی خواتین زیادتی اور اغواء کیس میں ساجد خان کا رضا ڈار سے کیا تعلق ہے؟ اس حوالے فیملی منظر عام پر آگئی ہے، بیوی اور بھائی نے اردوپوائنٹ کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تمام حقائق کھول دیئے۔ ساجد خان کی بیوی شاہین بی بی اور بھائی نے کہا کہ ساجد ایک کوٹھی میں صفائی اور گارڈ کا کام کرتا تھا۔
کوٹھی کے مالک نے گھر کرائے پر دینے کا کام بھی ساجد کے سپرد کیا ہوا تھا۔ ان کے مطابق 2 تاریخ کو صبح 4 بجے ساجد کو فون آیا کہ “چابی گم ہو گئی ہے، آ کر دے جاؤ”۔ وہ گھر سے نکلا اور واپس نہیں آیا۔
ساڑھے 8 بجے ساجد نے خود فون کر کے بتایا کہ وہ تھانے میں ہے اور معمولی معاملہ ہے۔
بعد میں اسے ڈیفنس سی تھانے منتقل کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ساجد کے بھائی نے دعویٰ کیا کہ جس گھر میں واقعہ پیش آیا وہ “حسن” نامی شخص کو 2 ماہ کے لیے کرائے پر دیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ساجد کا “رضا ڈار” یا کیس میں گرفتار دیگر ملزمان سے کوئی تعلق نہیں۔
شاہین بی بی نے کہا “میرا شوہر ان لڑکیوں کو جانتا تک نہیں۔ 11 سال سے ہماری 3 بیٹیوں کو پال رہا ہے”۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی CCTV فوٹیج چیک کی جائے۔
“ہمارے گھر کا کیمرہ خراب ہے، آس پاس کے کیمرے دیکھے جائیں”۔ اہل خانہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے اپیل کی کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ ساجد کے بھائی نے کہا “اگر جرم ثابت ہو جائے تو ہم خود کو آگ لگا لیں گے”۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ اس کیس میں اب تک 8 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور تفتیش ڈی این اے رپورٹ سمیت دیگر شواہد کی بنیاد پر جاری ہے۔
