کراچی میں دانستہ معمولی جھگڑوں کی آڑ میں وارداتیں کرنے والا گروہ سرگرم
جھگڑوں کا مقصد صرف گاڑی رکوا کر ایک مخصوص صورتحال پیدا کرنا ہوتا ہے تاکہ ڈرائیور کی توجہ بٹا کر اسے لوٹا جا سکے

کراچی(قدرت روزنامہ)شہر قائد میں جان بوجھ کر معمولی جھگڑے کرنے کی آڑ میں لوٹ مار کی وارداتیں کرنے والا گروہ سرگرم ہوگیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے مصروف ترین علاقوں میں شامل شاہراہ قائدین میں کتابیں فروخت کرنے کی آڑ میں وارداتیں کرنے والے ایک منظم گروہ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
واردات کا طریقہ کار انتہائی مہارت سے تیار کیا گیا ہے جس میں ملزمان پہلے شاہراہ قائدین کے اللہ والا سگنل پر کھڑی گاڑی سے جان بوجھ کر ٹکراتے ہیں اور سائیڈ گلاس توڑ دیتے ہیں۔
جیسے ہی ڈرائیور شیشہ نیچے کر کے احتجاج کرتا ہے، دوسرا ساتھی پچھلی جانب سے گاڑی پر زور زور سے ہاتھ مار کر شور مچاتا ہے۔
جب شہری گاڑی کے عقب میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کی طرف متوجہ ہوتا ہے تو پہلا ملزم، جو کتابیں بیچنے کا ڈرامہ کر رہا ہوتا ہے، موقع پا کر ڈرائیور کا موبائل چھین کر فرار ہو جاتا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
فیروز آباد پولیس نے مزید انکشاف کیا ہے کہ یہ گروہ مختلف حربے استعمال کر رہا ہے، جن میں گاڑی کی ونڈ اسکرین پر وائپر کے ذریعے گندگی پھیلانا بھی شامل ہے۔
ان حربوں کا مقصد صرف گاڑی رکوا کر جھگڑا پیدا کرنا ہوتا ہے تاکہ ڈرائیور کی توجہ بٹا کر اسے لوٹا جا سکے۔
