تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے بار میں آگ لگنے سے 27 افراد جاں بحق ہوگئے


تھائی لینڈ(قدرت روزنامہ)تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں بار میں آگ لگنے سے کم از کم 27 افراد جاں بحق ہوگئے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق تھائی وزیر اعظم( Anutin Charnvirakul) نے تصدیق کی ہے کہ اتوار کی رات دارالحکومت بینکاک کے ایک بار میں آتشزدگی کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق ہوئے۔
تھائی وزیراعظم نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 27 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ کچھ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ان کی حالت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بینکاک کے مضافات میں واقع بار اور ریسٹورنٹ میں موجود موسیقاروں کے مطابق اسٹیج کے قریب سرکٹ بریکر سے دھواں اٹھا، پھر بجلی منقطع ہوئی اور اس کے بعد دھماکا ہوا۔
تھائی وزیراعظم نے کہا کہ زیادہ تر افراد خوف و ہراس کے باعث عمارت کے پچھلے حصے میں موجود ایسے واش رومز کی طرف بھاگے جہاں باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہیں تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھواں بہت تیزی سے پوری عمارت میں پھیل گیا تھا۔
تھائی پولیس نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ حکام نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور حادثے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert