حکومت کی نیٹ فلکس اور ایمیزون پرائم سے بات چیت شروع

پاکستان کا اپنا آزاد او ٹی ٹی پلیٹ فارم بنانے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے بتایا ہے کہ حکومتِ پاکستان نے مقامی تخلیق کاروں کے لیے طویل المیعاد شراکت داری کو یقینی بنانے اور پاکستانی فلموں و ڈراموں کی بین الاقوامی سطح پر رسائی کو وسعت دینے کے لیے دنیا کے سب سے بڑے اسٹریمنگ جائنٹ نیٹ فلکس اور دیگر عالمی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے ساتھ باقاعدہ بات چیت کا آغاز کر دیا۔
اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاکستان کی ثقافتی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے حکومتی وژن اور حکمتِ عملی کو تفصیل سے شیئر کیا، انہوں نے پاکستانی مواد کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی ڈرامے اور فلمیں معیار کے لحاظ سے دنیا میں کسی سے کم نہیں، پوری دنیا میں ان کی بے پناہ مانگ اور دل سے تعریف کی جاتی ہے، ہمارے ‘اڑان پاکستان’ برآمدی پروگرام کے تحت تخلیقی اور ثقافتی صنعت کو ملکی برآمدی حکمتِ عملی کا ایک انتہائی اہم اور بنیادی ستون تسلیم کیا گیا ہے۔


احسن اقبال نے کہا کہ اگرچہ نیٹ فلکس اور ایمیزون پرائم جیسے بڑے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز عالمی ناظرین تک پہنچنے کے لیے اہم ترین گیٹ ویز ہیں، لیکن بدقسمتی سے طویل عرصے سے ان پلیٹ فارمز کو ‘علاقائی سیاست’ کے تحت ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا، اسی علاقائی سیاست کی وجہ سے پاکستانی مواد کو ان بڑے بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر وہ جائز مقام اور جگہ نہیں مل سکی جس کا وہ حقدار تھا، تاہم موجودہ حکومت اب اس فرسودہ ڈھانچے کو بدلنے کے لیے پوری طرح متحرک ہو چکی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ثقافتی مصنوعات کے وسیع برآمدی امکانات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے حکومتِ پاکستان اس وقت نیٹ فلکس اور دیگر عالمی اسٹریمنگ کمپنیوں کے ساتھ ‘ریجنل فریم ورک’ میں تبدیلی کے لیے مذاکرات کر رہی ہے، اس سفارتی اور کاروباری گفتگو کا واضح مقصد یہ ہے کہ نیٹ فلکس پر پاکستانی مواد کے لیے منصفانہ حصہ حاصل کیا جائے اور مقامی کانٹینٹ کریٹرز کے لیے پائیدار اور دیرپا شراکت داری کی راہیں ہموار کی جائیں۔
احسن اقبال نے واضح کیا کہ ہم صرف عالمی پلیٹ فارمز کی میز پر جگہ ملنے کا انتظار نہیں کر رہے بلکہ اس کے متوازی حکومتِ پاکستان تیزی سے کام کرتے ہوئے پاکستان کا اپنا بالکل آزاد اور خودمختار ‘او ٹی ٹی’ پلیٹ فارم تیار کر رہی ہے، یہ ملکی اسٹریمنگ پلیٹ فارم عالمی سطح پر پاکستانی کہانیوں، ثقافت اور ٹیلنٹ کی وکالت کرے گا اور دنیا بھر کے ناظرین کو براہِ راست معیاری پاکستانی تفریح فراہم کرے گا، اس اقدام سے ناصرف پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کو اربوں روپے کا ریونیو اور بین الاقوامی شناخت ملے گی، بلکہ ملکی معیشت کو ‘اڑان پاکستان انیشیٹو’ کے تحت قیمتی فارن ایکسچینج کمانے کا ایک نیا اور جدید راستہ بھی میسر آئے گا۔

WhatsApp
Get Alert