وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے ایک سرکاری ادارہ ختم کرنےکی منظوری دیدی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرِ نگرانی بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (BDA) کی تنظیمِ نو اور مرحلہ وار خاتمے کا اہم فیصلہ کر لیا گیا ہے، جبکہ ادارے کے ملازمین کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے بھی جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق 10 جولائی 2026 کو منعقدہ بی ڈی اے کمیٹی کے اجلاس میں ادارے کی اصلاحات، اثاثوں کی منتقلی اور ملازمین کے مستقبل سے متعلق متعدد تجاویز کی منظوری دی گئی۔
فیصلے کے تحت بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو آئندہ 18 ماہ کے دوران تین مراحل میں ختم کیا جائے گا۔ اس دوران ادارے کے منافع بخش اثاثوں کو الگ کارپوریٹ کمپنیوں میں منتقل کرنے کی تجویز بھی منظور کی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق اصلاحاتی عمل کے دوران ملازمین کے حقوق اور روزگار کے تحفظ، اثاثوں کی منتقلی، ادارہ جاتی ڈھانچے کی ازسرِ نو تشکیل اور متعلقہ محکموں کے ذریعے عبوری نظام وضع کرنے کے لیے جامع فریم ورک تیار کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ادارے میں اصلاحات، وسائل کے مؤثر استعمال، ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی میں بہتری اور انتظامی نظام کو مزید فعال بنانا ہے، جبکہ ملازمین کے مستقبل اور حقوق کو بھی مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert