کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن: 6 مبینہ دہشتگرد ہلاک، متعدد مشتبہ افراد گرفتار

کوئٹہ/مستونگ (ڈیلی قدرت)سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے 6 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس کے دوران مبینہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں مبینہ سہولت کاروں کے علاوہ مرد اور خواتین خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں تباہ کر دی گئیں، جبکہ وہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز مکمل نگرانی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں امن و امان کے قیام تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔واضح رہے کہ آئی ایس پی آر نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سوراب اور مستونگ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے الگ الگ آپریشنز میں مجموعی طور پر 10 مبینہ دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے، جبکہ مستونگ میں دو مبینہ خواتین خودکش حملہ آوروں اور ایک سہولت کار کی گرفتاری بھی عمل میں آئی تھی۔
