50 لیٹر کے کار ٹینک میں 61 لیٹر پٹرول!

اسلام آباد کے پٹرول پمپ پر کم ناپ تول کا بڑا فراڈ، پٹرول پمپ سیل، منیجر گرفتار


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے باعث شہری پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، ایسے میں بعض پٹرول پمپس پر مبینہ طور پر کم ناپ اور فراڈ کے ذریعے صارفین کو لوٹنے کے واقعات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں ایک شہری کی شکایت پر انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ بے ضابطگی ثابت ہونے پر پٹرول پمپ کو سیل اور منیجر کو گرفتار کر لیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیکٹر آئی-9 میں واقع ایک پٹرول پمپ کے خلاف شہری نے شکایت درج کرائی کہ اس کی گاڑی کے 50 لیٹر گنجائش والے فیول ٹینک میں مبینہ طور پر 61 لیٹر پٹرول بھر دیا گیا، جس پر اسے فراڈ کا شبہ ہوا۔


شکایت موصول ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر انڈسٹریل ایریا بطور مجسٹریٹ فوری موقع پر پہنچے اور پیمائش سمیت دیگر امور کی جانچ کی۔
ابتدائی تحقیقات میں شکایت درست پائے جانے پر پٹرول پمپ کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا، جبکہ پمپ کے منیجر کو گرفتار کرکے اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ اس کے علاوہ انتظامیہ نے پٹرول پمپ پر جرمانہ بھی عائد کیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ناپ تول میں خردبرد، جعلسازی یا صارفین کے استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی تاکہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے

WhatsApp
Get Alert