وزیر اعلیٰ کا مون سون بارشوں کے سپیل پر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کے حکم

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مون سون بارشوں کے تیسرے سپیل پر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر کے کمشنرز ڈپٹی کمشنرز اور فیلڈ افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام متعلقہ افسران و عملہ الرٹ رہے کوتاہی یا غیر ذمہ داری کی گنجائش نہیں، پی ڈی ایم اے پنجاب کے الرٹس کے تحت پیشگی انتظامات یقینی بنائیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام متعلقہ اداروں کو بارش کے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارشی پانی کی فوری نکاسی کے لئے واسا آپریشنز کی مسلسل نگرانی اور مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز بھی الرٹ رہیں،1122 اور واسا سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں اور چوکنگ پوائنٹس پر جمع پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ برساتی نالوں اور ڈرینز کی مسلسل مانیٹرنگ، شہری اور دیہی علاقوں میں تمام مین ہولز پر ڈھکن یقینی بنانے اور بارشوں کے دوران کنسٹرکشن سائٹ پرناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لئے ضروری حفاظتی انتظامات اور کی خستہ حال اور تعمیراتی طور پر حساس عمارتوں کی خصوصی نگرانی کا حکم دیا ہے۔
مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ بارشوں کے دوران تمام تر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے جائیں علاوہ ازیں اربن ایریاز میں بارش کا پانی جمع نہ ہونے دیا جائے، اہم شاہراہوں اور مرکزی روڈز پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کئے جائیں، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک اور مستعد رہیں، اپنا اور خاص طور پر بچوں کا خیال رکھیں انہیں دریاوں یا نہروں میں ہرگز مت نہانے دیں۔
مریم نواز نے شہریوں سے خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری کمزور ناقص اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں۔
واضح رہے پی ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق لاہور گجرانوالہ بہاولپور اور رحیم یار خسن میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق سرگودھا 105 حافظ آباد 77 اوکاڑہ 73 بہاولنگر 63 اور ساہیوال میں 61 ملی میٹر بارش ریکاڑد کی گئی، لاہور میں مجموعی طور پر 400 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے جبکہ لاہور میں پانچویں روز بھی شدید بارش جاری ہے۔
