فیس بک اکاؤنٹ مفت میں ویریفائیڈ کروالیں! جانیں ویری فکیشن کا مکمل آسان طریقہ

نیویارک(قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا کی دنیا کے سب سے بڑے ادارے میٹا نے اپنے فیس بک صارفین کے لیے ایک شاندار اور بالکل نیا مفت تصدیقی پروگرام پیش کر دیا ہے جس کے ذریعے اب اہل افراد کو اپنے اکاؤنٹ پر ویری فکیشن بیج حاصل کرنے کے لیے کوئی بھی ماہانہ یا سالانہ سبسکرپشن فیس ادا نہیں کرنی پڑے گی۔

میٹا نے فروری 2023 میں باقاعدہ اعلان کیا گیا تھا کہ فیس بک اور انسٹاگرام صارفین کے لیے میٹا ویری فائیڈ کے نام سے ایک بامعاوضہ سروس شروع کی جا رہی ہے۔ اس سروس کے توسط سے صارفین نہ صرف نیلا تصدیقی بیج حاصل کرنے کے اہل ہوتے ہیں بلکہ انہیں اکاؤنٹ سے جڑی دیگر اضافی سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں جبکہ یہ پیڈ سبسکرپشن سروس آج بھی دنیا بھر میں فعال طریقے سے دستیاب ہے۔

ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کی جانب سے اب جو نیا پروگرام لایا گیا ہے اس کے تحت صارفین کو بغیر کسی مالی ادائیگی کے بھی ویری فکیشن بیج پانے کا سنہری موقع دیا جا رہا ہے۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کو صرف چہرے کی تصدیق کے ایک آسان مرحلے سے گزرنا ہوگا۔

اس نئے نظام کے تحت صارف کو اپنی ایک سیلفی جمع کروانی ہوگی جسے فیس بک پروفائل پر پہلے سے موجود تصاویر کے ساتھ جدید فیشل ریکگنیشن (چہرہ شناخت کرنے والی) ٹیکنالوجی کے ذریعے میچ کیا جائے گا۔ میٹا کا کہنا ہے کہ تصدیق کا یہ پورا مرحلہ مکمل ہونے میں صرف چند منٹ کا وقت لگتا ہے۔

کمپنی کی طرف سے واضح کیا گیا ہے کہ یہ زبردست سہولت صرف انہی صارفین کے لیے دستیاب ہوگی جن کی عمر کم از کم 18 سال یا اس سے زیادہ ہو۔

جب صارف کی سیلفی ویری فکیشن کا عمل کامیابی کے ساتھ مکمل ہو جائے گا تو اس کے فیس بک پروفائل کے نام کے ساتھ تصدیقی بیج ظاہر ہونا شروع ہو جائے گا جو کہ پلیٹ فارم کی مختلف سروسز پر بھی باآسانی نظر آئے گا۔

میٹا کے پہلے سے موجود پیڈ اور مہنگے میٹا ویری فائیڈ بلیو ٹک کے برعکس یہ نیا مفت بیج صرف اس بات کی تصدیق کرے گا کہ متعلقہ اکاؤنٹ کسی اصلی اور حقیقی شخص کا ہے۔ یہ بیج صارف کی شہرت، دفتری اعتبار یا کسی بھی قسم کے دعوے کی تائید نہیں کرے گا بلکہ اس کا دائرہ کار صرف اور صرف شناخت کی تصدیق تک ہی محدود رہے گا۔

نیا مفت ویری فکیشن بیج ان تمام اہل فیس بک صارفین کو مہیا کیا جائے گا جو ادارے کی طرف سے مقرر کردہ اس لازمی تصدیقی عمل کو کامیابی کے ساتھ پورا کر لیں گے۔

WhatsApp
Get Alert