روانگی کے وقت کا پیشگی اعلان نہ ہی غیر معمولی انتظام کی سرکاری وضاحت، ایران سے خطرے کے باعث نیتن یاہو خاموشی سے امریکا روانہ ہوئے

اسرائیل (قدرت روزنامہ)اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سکیورٹی خدشات کے باعث خاموشی سے اور غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کے ساتھ واشنگٹن روانہ ہوئے جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایران سے ممکنہ خطرے کے پیش نظر نیتن یاہو نے معمول کے مطابق بن گوریون ائیرپورٹ کے بجائے نواتم ائیر بیس سے خصوصی طیارے کے ذریعے روانگی اختیار کی۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے نہ تو روانگی کے وقت کا پیشگی اعلان کیا اور نہ ہی اس غیر معمولی انتظام کی سرکاری وضاحت جاری کی تاہم اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ اقدام ایران سے ممکنہ خطرات کے پیش نظر کیا گیا۔

اسرائیلی میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئےکہا سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اتوار کو کابینہ کا اجلاس بھی وزیراعظم کے دفتر کے بجائے زیر زمین ایک خفیہ مقام پر منعقد کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکام نے اس بار نیتن یاہو کے ساتھ سرکاری طیارے میں اسرائیلی سفارتی میڈیا کے صحافیوں کو ساتھ سفر کرنےکی اجازت نہیں دی جس کی کوئی باضابطہ وجہ نہیں بتائی گئی۔

یاد رہےکہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کیلئے واشنگٹن روانہ ہوگئے ہیں۔

امریکا روانگی کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ سے ملاقات میں تمام مسائل پر بات ہوگی اور ایران اس میں پہلے نمبر پر ہوگا، ہمارا واضح مقصد اسرائیل کی سلامتی، طاقت اور اسرائیل کے اطراف امن کا دائرہ وسیع کرنا ہے۔

نیتن یاہو نے کہا صدر ٹرمپ سے ملاقات میں اسرائیل کے سچے دوست لنزے گراہم کے انتقال پر تعزیت بھی کروں گا۔

WhatsApp
Get Alert