7 اگست کو ملک کی تمام اہم شاہراہیں اور سڑکیں بند کریں گےصرف ایمبولینس گزرنے کی اجازت ہوگی، حافظ نعیم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف 7 اگست کو ملک بھر میں احتجاج کرتے ہوئے تمام اہم شاہراہیں اور سڑکیں بند کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جماعت اسلامی کے 7 اگست کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمان کی زیر صدارت جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ 7 اگست کو ملک بھر کی اہم شاہراہوں پر احتجاج ہوں گے، سڑکیں بند کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگ گھروں سے نکلیں، نوجوان موٹر سائیکلوں سے سڑکیں بند کر دیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ احتجاج کے دوران صرف ایمبولینسز کو راستہ دیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہمارا احتجاج تاریخی ہوگا، جس میں حکمرانوں کو مجبور کردیں گے کہ وہ عوام کو ریلیف دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی پرامن اور جمہوری جدوجہد میں رکاوٹ کھڑی نہ کی جائے، حکومت فوری طور پر پیٹرولیم لیوی ختم کرے اور آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کرے۔

حافظ نعیم نے ہدایت کی کہ احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے ملک بھر میں 20 ہزار کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ انہوں نے اپیل کی کہ تاجر، وکلا، طلبہ اور مزدوروں سمیت تمام طبقات کے افراد احتجاج میں شامل ہوں۔

WhatsApp
Get Alert