پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت نے یومیہ بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت پیٹرول صرف ایک روپے سستا اور ڈیزل کی قیمت میں مزید 3 روپے 37 پیسے اضافہ کردیا گیا۔ پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 334 روپے 18 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 37 پیسے مزید مہنگا کردیا ہے جس کے بعد ڈیزل کے نئے نرخ 386 روپے 83 پیسے فی لیٹر مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے کل 28 جولائی آئندہ 24 گھنٹے کے لیے ہوگا۔ دوسری جانب پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کے بعد آٹا، گھی، دالیں، سبزیاں، چینی، دودھ اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کر دیا گیا ہے، جس نے مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سفید پوش اور متوسط طبقہ پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور کم آمدنی کے باعث شدید مالی دبائو کا شکار تھا، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے ان کے گھریلو بجٹ کو مکمل طور پر درہم برہم کر دیا ہے۔ یاد رہے وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم مصنوعات کے لیے روزانہ قیمتوں کے تعین کا نیا نظام منظور کر لیا جس کے تحت اوگرا اب پیٹرول اور ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ جاری کرے گا۔
پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں گزشتہ سات کاروباری دن کی اوسط عالمی قیمت کے مطابق ہوں گی، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے حساب سے کیا جائے گا۔ قیمتوں کے اعلان کے لیے وزیراعظم یا وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری درکار نہیں ہوگی جبکہ اوگرا بغیر وزیراعظم یا حکومت کی منظوری کے قیمتوں کا اعلان کرے گا۔
