کراچی سے ابوظہبی جانے والا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا
طیارے میں 128 مسافر سوار تھے، پرواز کے کچھ دیر بعد ایئربس 320 طیارے کے ایک انجن میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی

کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی سے ابوظہبی جانے والی غیر ملکی ایئرلائن اتحاد ایئرویز کی پرواز دورانِ پرواز فنی خرابی کے باعث واپس کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کر گئی۔ طیارے میں 128 مسافر سوار تھے، جو تمام محفوظ رہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اتحاد ایئرویز کی پرواز ای وائی 299 نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ابوظہبی کے لیے اڑان بھری تھی۔
تاہم پرواز کے کچھ دیر بعد ایئربس 320 طیارے کے ایک انجن میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی۔ فنی خرابی کا علم ہوتے ہی طیارے کے کپتان نے فوری طور پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے واپس لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ اجازت ملنے کے بعد پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کا رخ دوبارہ کراچی ایئرپورٹ کی جانب موڑا اور اسے بحفاظت رن وے پر اتار لیا۔
ذرائع کے مطابق طیارے میں موجود تمام مسافروں کو بحفاظت اتار کر ایئرپورٹ لاؤنج منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں متبادل پرواز کے انتظامات تک سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب طیارے کی فنی خرابی کا جائزہ لینے کے لیے انجینئرز کی ٹیم طلب کر لی گئی ہے، جو ایئربس 320 طیارے کا مکمل معائنہ کر رہی ہے تاکہ خرابی کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے اور پرواز کو دوبارہ آپریشن کے لیے تیار کیا جا سکے۔
