ارشد ندیم اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام، سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے سری لنکا اور بھارت لے اڑے،

گلاسگو(قدرت روزنامہ) کامن ویلتھ گیمز کے مردوں کے جیولن تھرو فائنل میں پاکستان کے اولمپک چیمپئن ارشد ندیم تمغہ حاصل کرنے میں ناکام رہے، جبکہ سری لنکا کے رومیش تھارانگا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا۔بھارت کے نیرج چوپڑا نے چاندی جبکہ بھارتی کھلاڑی یش ویر سنگھ نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق گلاسگو میں جاری ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم اپنی بہترین فارم برقرار نہ رکھ سکے۔ ان کی پہلی تھرو فاؤل قرار پائی، دوسری کوشش میں انہوں نے 77.41 میٹر جبکہ تیسری تھرو میں 75.39 میٹر کا فاصلہ طے کیا، جس کے نتیجے میں وہ 12 کھلاڑیوں میں نویں نمبر پر رہے۔

اسی فائنل کے دوران سری لنکا کے رومیش تھارانگا نے 89.75 میٹر کی شاندار تھرو کرکے سونے کا تمغہ جیت لیا۔ بھارت کے نیرج چوپڑا 85.83 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ دوسرے جبکہ بھارت ہی کے یش ویر سنگھ تیسرے نمبر پر رہے۔

جیولن تھرو کے فائنل میں مجموعی طور پر 12 ایتھلیٹس نے حصہ لیا، جن میں دفاعی چیمپئن ارشد ندیم بھی شامل تھے، جو اپنے طلائی تمغے کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اترے تھے۔اس سے قبل ارشد ندیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 78.63 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ ساتویں پوزیشن حاصل کی تھی۔

WhatsApp
Get Alert