یو اے ای نے پاکستانیوں کے لیے وزٹ ویزا میں آسانیاں کردیں

گزشتہ کئی ماہ کے دوران درخواست گزاروں نے ویزا کے اجرا میں طویل تاخیر اور سخت جانچ پڑتال کی شکایات بھی کی تھیں۔


متحدہ عرب امارات(قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے کئی ماہ کی غیر یقینی صورتحال کے بعد رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے درخواست دینے والے پاکستانی شہریوں کو وزٹ ویزے دینے کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا ہے۔ ٹریول انڈسٹری سے وابستہ افراد اور پاکستان میں یو اے ای سفارت خانے کے ایک عہدیدار نے اس آسانی کی تصدیق کی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں تقریباً 18 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں اور یہ ملک پاکستان کے لیے بیرون ملک سے آنے والی ترسیلاتِ زر کے بڑے ذرائع میں شمار ہوتا ہے۔ گزشتہ کئی ماہ کے دوران اگرچہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات دونوں کی جانب سے بار بار یہ کہا جاتا رہا کہ پاکستانی شہریوں پر کسی قسم کی سرکاری ویزا پابندی عائد نہیں، تاہم درخواست گزاروں نے ویزا کے اجرا میں طویل تاخیر اور سخت جانچ پڑتال کی شکایات کی تھیں۔
اروما ٹریولز کے چیف ایگزیکٹو اور ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین محمد ندیم شریف نے بتایا کہ خاندانوں کے ساتھ سیاحت کے لیے سفر کرنے والے پاکستانیوں کو دوبارہ وزٹ ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایسے افراد بھی بروقت ویزے حاصل کر رہے ہیں جو متحدہ عرب امارات میں مقیم اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کے لیے جانا چاہتے ہیں۔
محمد ندیم شریف کا کہنا ہے کہ سیاحت کے فروغ کے لیے مہمات بھی دوبارہ شروع ہو چکی ہیں، جبکہ خطے میں حالیہ کشیدگی کے باعث متاثر ہونے والی فضائی سفری سرگرمیاں بھی آہستہ آہستہ معمول پر آ رہی ہیں۔
پاکستان کے ایک سینئر امیگریشن افسر نے، جنہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی اور بتایا کہ پاکستان سے دبئی جانے والے مسافروں کی یومیہ تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق گرمیوں کے آغاز میں روزانہ تقریباً 170 مسافر دبئی جا رہے تھے، جبکہ جولائی کے اختتام تک یہ تعداد بڑھ کر تقریباً 400 ہوگئی۔ تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ تعداد اب بھی دو سال پہلے کے تقریباً ایک ہزار یومیہ مسافروں کے مقابلے میں کافی کم ہے۔
ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے عہدیدار محمد حنیف رنچھ نے بھی کہا کہ حالیہ دنوں میں صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ ان کے مطابق کئی برسوں سے خاص طور پر انفرادی درخواست گزاروں کے ویزے بڑی تعداد میں مسترد ہو رہے تھے، لیکن اب زیادہ پاکستانی خاندان کامیابی کے ساتھ وزٹ ویزے حاصل کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے ایک عہدیدار نے بھی تصدیق کی کہ رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے درخواست دینے والے عام پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کو وزٹ ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں ویزا درخواستوں پر کارروائی میں تاخیر کی ایک وجہ سیکیورٹی اور حفاظتی معاملات تھے، تاہم اب مکمل دستاویزات رکھنے والے درخواست گزار بغیر کسی بڑی مشکل کے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ کئی ماہ سے پاکستانی شہریوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے وزٹ ویزوں کے اجرا سے متعلق خدشات پائے جا رہے تھے۔ گزشتہ سال اپریل میں پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے اماراتی ہم منصب کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک نے ویزا کے اجرا کو آسان بنانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا تھا۔
بعد ازاں پاکستان کے دفتر خارجہ نے پارلیمنٹ کو آگاہ کیا تھا کہ بعض درخواست گزاروں کی جانب سے جعلی تعلیمی اسناد اور ملازمت سے متعلق جعلی دستاویزات جمع کرانے کے واقعات سامنے آئے تھے۔ اس کے علاوہ کچھ پاکستانی شہری متحدہ عرب امارات میں غیر مجاز سیاسی سرگرمیوں، جرائم یا سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے مقدمات کا سامنا بھی کر چکے تھے۔ ان وجوہات کی بنیاد پر ویزا درخواستوں کی جانچ پڑتال اور دستاویزات کی تصدیق کا عمل مزید سخت کر دیا گیا تھا۔

WhatsApp
Get Alert