پشتون عوام کا معاشی قتل عام بند کیا جائے، پشتونخوامیپ

پشتونخوامیپ ضلع کوئٹہ کمیٹی کا اجلاس،کارکنوں کو5 اگست احتجاجی مظاہرے کی تیاری کی ہدایت، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے
خوف و ہراس پھیلانے کے پیچھے مذموم مقاصد ہیں،سورینج ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار، فارم 47کی مسلط حکومت کی ترجیحات امن و امان اور عوامی مسائل کا حل نہیں، سید شراف آغا
کوئٹہ(قدرت روزنامہ) پشتونخو املی عوامی پارٹی ضلع کوء ٹہ کے ضلع کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر و ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کے زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین عبدالرؤف لالا، صوبائی نائب صدرمحترمہ وڑانگہ لونی، صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، صوبائی سیکرٹری ثقافت سردار حیات خان میرزئی،صوبائی لیبر سیکرٹری حبیب الرحمن بازئی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز دوست محمد لونی، حفیظ ترین نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع کوئٹہ کے تحصیل صدر کی رپورٹ تحصیل سیکرٹری نعیم پیر علیزئی، تحصیل کچلاغ کی رپورٹ تحصیل سیکرٹری ملک نادر،تحصیل سٹی کی رپورٹ سینئر معاون سیکرٹری شکور افغان اورتحصیل سریاب کی رپورٹ سینئر معاون سیکرٹری سید عبدالخالق آغا نے پیش کی۔ رپورٹس کا جائزہ لیا گیا اور بعدازاں ان کی منظوری دیدی گئی۔ منعقدہ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کی تنظیمی سیاسی فعالیت کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیااور گزشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹس کو سراہا گیا۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ میں بلخصوص ہنہ اوڑک، منگلہ، سرہ غوڑگئی ودیگر علاقوں میں بدامنی کے واقعات عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنے کے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت عوام کے سرو مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے جبکہ مذکورہ بالا علاقوں میں مسلسل دہشتگردانہ واقعات کا رونماء ہونا آبادی والے علاقوں میں مارٹر گولے گرنے، خوف و ہراس پھیلانے کے پیچھے مذموم مقاصد ہیں جسے ناکام بنانا اور اپنے وطن اور عوام کے وسائل کی حفاظت سیاسی جمہوری قوم دوست، وطن دوست پارٹیوں اور عوام کا مشترکہ فریضہ ہے۔ جبکہ ان علاقوں میں ہر طرف سیکورٹی فورسز کی موجودگی کے باوجود واقعات کا رونماء ہونا قابل افسوس اور سیکورٹی فورسز کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔اجلاس میں کہا گیا کہ کوئٹہ صوبائی دارالحکومت ہونے کے باوجود اس وقت انسانی زندگی کے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ عوام بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، گیس پریشر کی کمی و بندش، اسٹریٹ کرائمز، بدامنی، چوری ڈکیتی، پینے کے صاف پانی کی نایابی ودیگر مسائل کے باعث اذیت سے دوچار ہیں۔فارم 47کی مسلط حکومت کی ترجیحات امن وامان قائم کرنااور عوامی مسائل کا حل نہیں بلکہ کوئٹہ کو مسائلستان بناکر عوامی خزانے پرہاتھ صاف کرنا ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے روزانہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا نوٹیفکیشن دراصل مہنگائی و بیروزگاری میں اضافے اور عوام کی زندگی کو مزید اجیرن بنانا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی گرتی ہوئی قیمتوں کومدنظر رکھتے ہوئے حالیہ اضافوں کو واپس لے کر قیمتیں کم کی جائیں اور عوام کو ریلیف دی جائے۔اجلاس میں سورینج کان حادثے میں 34 افراد کی ہلاکتوں کے افسوسناک واقعہ پر دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ واقعہ کی تحقیقات کرکے ذمہ داران اور غفلت برتنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کیساتھ تعاون کرتے ہوئے فوری امدادی رقم کا اجراء کیا جائے۔ پشتونخو امیپ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کیساتھ برابر کی شریک ہے۔اجلاس میں عوام بلخصوص پشتونوں کی معاشی قتل عام، بین الصوبائی شاہراہوں پر ٹرانسپورٹرز، مسافروں، کوچز، گاڑیوں پر حملوں، چوری ڈکیتی، تشدد، قتل و غارت، اغواء کاری اور بدامنی کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیاہے کہ تمام عوام کے سرومال کی تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے شاہراہوں کو دن رات سفر کیلئے محفوظ بنایا جائے۔

WhatsApp
Get Alert