ایکشن کمیٹی نے ٹروتھ کمیشن کے قیام کی تجویز سے متعلق خط کا جواب دیدیا، بحران کا خاتمہ میری ترجیح ہے: بلاول


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ایکشن کمیٹی نے ٹروتھ کمیشن کے قیام کی تجویز سے متعلق میرے خط کا جواب دیدیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے ان کے خط کا جواب موصول ہو گیا ہے، جس میں ان کی ٹروتھ کمیشن کے قیام کی تجویز کے جواب میں ایکشن کمیٹی نے اپنی تجویز ارسال کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر قیمتی جان کا ضیاع قومی سانحہ ہے اور اس وقت ان کی اولین ترجیح موجودہ بحران کے خاتمے، عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی اور آزاد جموں و کشمیر میں جلد از جلد معمولاتِ زندگی کی بحالی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ میں خیرمقدم کرتا ہوں کہ انہوں نے مجوزہ کمیشن کو آگے بڑھنے کے ایک ممکنہ ادارہ جاتی راستے کے طور پر قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، اس کمیشن کی توثیق اب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی بھی کرچکی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میں ان کی تجویز کا بھی بغور جائزہ لوں گا، آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سے بھی مشاورت کروں گا، وزیراعظم آزاد کشمیر وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ فریقین سے ابتدائی رائے حاصل کریں گے تاکہ معلوم ہوکہ کیا کسی متفقہ تجویز کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ بنیاد موجود ہے یا نہیں۔

WhatsApp
Get Alert