مائیک اسمتھ کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ بنائے جانے کا قوی امکان

جنوبی افریقہ(قدرت روزنامہ)جنوبی افریقہ کے مائیک اسمتھ کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ بنائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے لیول فور کوچ اور سابق فرسٹ کلاس کرکٹر مائیک اسمتھ کو پاکستان قومی ٹیسٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مائیک اسمتھ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان معاملات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، اور معاہدہ طے پانے کی صورت میں وہ انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھال سکتے ہیں۔

مائیک اسمتھ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جس کے باعث وہ پاکستانی کرکٹ کے ماحول سے اچھی طرح واقف ہیں۔

واضح رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق اپریل 2026 سے قومی ٹیسٹ ٹیم کے عبوری بیٹنگ کوچ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہیں ٹیسٹ ہیڈ کوچ سرفراز احمد کی سربراہی میں تشکیل دیے گئے نئے سپورٹ اسٹاف کا حصہ بنایا گیا تھا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 19 اگست سے ہیڈنگلے، لیڈز میں ہوگا، دوسرا ٹیسٹ 27 سے 31 اگست تک لارڈز میں جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 سے 13 ستمبر تک ایجبسٹن، برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی نے مئی 2026 میں مستقل بیٹنگ کوچ کی تقرری کے لیے باقاعدہ اشتہار جاری کر کے درخواستیں طلب کی تھیں، درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 جون تھی، جس کے بعد بورڈ امیدواروں کا جائزہ لینے کے عمل میں مصروف رہا۔

ذرائع کے مطابق مائیک اسمتھ کی تقرری سے انگلینڈ کے مشکل دورے سے قبل قومی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کو مزید مضبوط بنانے اور ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹنگ کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملنے کا امکان ہے۔

WhatsApp
Get Alert