یو اے ای کا وزٹ ویزا ، پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

دبئی(قدرت روزنامہ) پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی، متحدہ عرب امارات نے وزٹ ویزوں کا اجراء دوبارہ شروع کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی شہریوں کے لیے ایک بڑی اور مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں متحدہ عرب امارات نے رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے درخواست دینے والے پاکستانیوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجراء دوبارہ شروع کر دیا ہے۔

عرب نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹریول انڈسٹری کے نمائندوں اور یو اے ای سفارت خانے کے ایک اہلکار نے اس پیشرفت کی باقاعدہ تصدیق کی ہے۔

اس اقدام سے گزشتہ کئی ماہ سے جاری وہ غیر یقینی صورتحال ختم ہو گئی ہے، جس نے دونوں ممالک کے درمیان سفر کو بری طرح متاثر کر رکھا تھا۔

یاد رہے کہ یو اے ای میں تقریباً 18 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں اور یہ ملک پاکستان کے لیے ترسیلاتِ زر کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔

ٹریول انڈسٹری کے حکام کا کہنا ہے کہ اس بحالی سے سب سے زیادہ فائدہ فیملیز کو ہوا ہے، جن کی درخواستیں اب بغیر کسی تاخیر کے تیزی سے منظور ہو رہی ہیں۔

ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے ایک اور عہدیدار نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ پچھلے ہفتے سے صورتحال بہتر ہوئی ہے اور فیملیز کے ویزے زیادہ کامیاب ہو رہے ہیں، جبکہ انفرادی طور پر اپلائی کرنے والے پاکستانیوں کو گزشتہ چند سالوں سے ہائی ریجیکشن کا سامنا تھا۔

امیگریشن کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان سے امارات جانے والے مسافروں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ ایک سینئر پاکستانی امیگریشن اہلکار نے بتایا کہ جولائی کے آخری ہفتے تک پاکستان سے روزانہ تقریباً 400 مسافر دبئی جا رہے تھے، جبکہ اس سے قبل گرمیوں کے آغاز میں یہ تعداد صرف 170 مسافر روزانہ تھی۔

پاکستان میں یو اے ای سفارت خانے کے ایک اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ عام پاسپورٹ ہولڈرز جو رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے اپلائی کر رہے ہیں، ان کے لیے ویزے اوپن ہیں تاہم ماضی میں سیکیورٹی اور حفاظتی خدشات کی وجہ سے کچھ تاخیر ہوئی تھی، لیکن اب مکمل دستاویزات رکھنے والے مسافر آسانی سے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert