مستونگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، پولیس اہلکار جاں بحق

مستونگ (قدرت روزنامہ)مستونگ کے علاقے سراوان لائبریری کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک پولیس اہلکار کو قتل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے پولیس اہلکار کو ہدف بنا کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونے والے اہلکار کی شناخت احسان ولد جان محمد لہڑی (ساکن کلی شیخان)کے نام سے ہوئی ہے۔واقعے کے فورا بعد لاش کو شہید نواب غوث بخش میموریل ہسپتال مستونگ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق قتل کے اسباب تاحال معلوم نہیں ہو سکے ہیں۔ پولیس تھانہ سٹی مستونگ نے واقعے کی تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن اور کارروائی شروع کر دی ہے۔
