وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی کوہلو میں مزدوروں کی گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت، 11 مزدوروں کی شہادت پر اظہار افسوس


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع کوہلو میں مزدوروں کی گاڑیوں پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 11 مزدوروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بے گناہ اور محنت کش مزدوروں کو نشانہ بنانا انسانیت سوز، سفاکانہ اور بزدلانہ فعل ہے۔ روزگار کے حصول کے لیے محنت کرنے والے نہتے افراد پر حملہ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے معصوم شہریوں اور محنت کش طبقے کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم ایسے بزدلانہ حملے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ میر سرفراز بگٹی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک سانحے پر پوری قوم سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ مزدوروں پر حملے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انہیں اپنے انسانیت سوز اقدام کا جواب دینا ہوگا۔ بے گناہ شہریوں اور محنت کشوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ دہشت گردی کے ذریعے صوبے میں خوف و ہراس پھیلانے اور ترقی کے عمل کو متاثر کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert