’5 اگست سے شروع تحریک بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر ہی رکے گی‘

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ 5 اگست سے شروع ہونے والی تحریک عمران خان اور بشریٰ بی بی کی رہائی پر ہی رکے گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ 5 اگست سے عمران خان کی رہائی کی تحریک کا باقاعدہ آغاز کریں گے، ولی خان بھی اتنے عرصے جیل میں نہیں رہے، آصف زرداری پارٹی سربراہ نہیں تھے، گزشتہ 20 سالوں میں عمران خان پہلے لیڈر ہیں جنہیں اتنا عرصہ قید رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رہائی فورس نہیں بنی تھی، ایک پرامن تحریک کے لیے رضاکار طلب کیے تھے، وزیر اعلیٰ کے پی نے بعد میں اپنا تفصیلی بیان آئینی عدالت میں جمع کروادیا تھا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے کسی کے ساتھ بھی کوئی سیاسی رابطے نہیں ہیں اور نہ رہے ہیں، پیپلزپارٹی اور مولانا فضل الرحمان کے ساتھ فی الحال کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مذاکرات کو محض پیشکش کی حد تک سمجھنے والے بڑی غلطی کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاس درجہ حرارت بڑھنے سے ملک اور وفاق دونوں خطرے میں پڑ جاتے ہیں، نظام چلانے والوں کی ذمہ داری ہے کہ سب کو بٹھا کر مسائل کا حل نکالیں، مسائل کا حل نہ نکالنے والے عناصر دراصل وفاق کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
