جوازات کے ’مقیم‘ پورٹل پر اقامہ گمشدگی کی رپورٹ کیسے کریں؟

ریاض (قدرت روزنامہ)مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے لیے اقامے کی گمشدگی پر اس کی رپورٹ کرنے کو بہت سہل بنا دیا گیا ہے۔
سعودی عرب میں بسلسلہ روزگار لاکھوں غیر ملکی مقیم ہیں، جنہیں اقامہ جاری کیا جاتا ہے۔ ماضی میں غیر ملکیوں کو اپنے اقامے کی گمشدگی پر مختلف اداروں میں اس کی رپورٹ کرانا ہوتی تھی، جس میں وقت ضائع ہوتا تھا۔
تاہم وزارت داخلہ کی جانب سے ڈیجیٹل سروس شروع کیے جانے کے بعد اب اقاموں کی تجدید، اجرا اور گمشدگی کی شکایات سمیت اس سے متعلقہ دیگر معاملات بہت سہل بنا دیے گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں مقیم غیرملکیوں کے اقاموں کی گمشدگی کی رپورٹ کے مراحل کو آسان بناتے ہوئے ’مقیم‘ پورٹل پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کی جانب سے غیرملکی کارکنوں کے اقاموں کی گمشدگی کی اطلاع ’مقیم‘ پورٹل پر دینے سے متعلق قواعد جاری کیے ہیں۔
جوازات کے ایکس اکاؤنٹ پر بتایا گیا ہے کہ غیرملکی کارکن کا اقامہ گم ہونے کی صورت میں اس کی رپورٹ ادارے کے ’مقیم‘ پورٹل کے ذریعے با آسانی کی جا سکتی ہے۔
اقامہ گمشدگی کی رپورٹ کے لیے مقیم پورٹل پر لاگ ان کرنے کے بعد درخواست گزار کے ڈیش بورڈ کا انتخاب کیا جائے۔
اس کے بعد گمشدہ اقامہ نمبر مخصوص خانے میں درج کریں، جس کے بعد ’خدمات الجوازات‘ (جوازات سروسز) کا انتخاب کریں اور پھر ’بلاغ عن فقدان ھویہ مقیم‘ (غیرملکی کے اقامے کی گمشدگی کی رپورٹ) کا انتخاب کر کے درخواست کو اپ لوڈ کریں۔
رپورٹ درج ہونے کے بعد مطلوبہ مدت کے دوران سرکاری کارروائی سسٹم کے ذریعے ہی مکمل ہو جائے گی جس کی اطلاع کمپنی کے مقیم پورٹل پر فراہم کر دی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ جوازات کے پلیٹ فارم ’ابشر‘ پر انفرادی اور کمپنی کے آپشن موجود ہیں، انفرادی کا آپشن سربراہ خانہ کے لیے ہوتا ہے جس کے ذریعے اہل خانہ کے امور انجام دیے جاتے ہیں جبکہ ملازمت پیشہ افراد کے امور کمپنی کے ذمے ہوتے ہیں جس کے لیے ’مقیم‘ پورٹل مخصوص ہے۔
