گزشتہ روز کے جی ایچ کیو واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آنی چائیے، پی ٹی آئی کا مطالبہ

تحریک انصاف جوڈیشل کمیشن کی ڈیمانڈ کرتی ہے، ہم میں اتنا دل گردہ ہے کہ غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح کہتے ہیں؛ مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاس اکرم کی پریس کانفرنس


پشاور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے گزشتہ روز کے جی ایچ کیو کیس کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن بنانے اور سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں اتنا حوصلہ ہے کہ وہ غلط کو غلط اور درست کو درست کہتی ہے۔ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ جی ایچ کیو کیس کے معاملے پر تحریک انصاف جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کرتی ہے اور واقعے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنی چاہیے تاکہ حقائق واضح ہوسکیں، پارٹی کسی بھی معاملے میں حقائق سامنے لانے اور شفاف تحقیقات کی حمایت کرتی ہے، ہم میں اتنا دل گردہ ہے کہ غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح کہتے ہیں۔
انہوں نے عمران خان کی زندگی سے متعلق ایک وی لاگر کی جانب سے کیے گئے دعوؤں پر بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ جب وی لاگر خود کہہ رہا ہے کہ وہ عمران خان کے حوالے سے تصدیق نہیں کرسکتا تو ایسی باتیں کرنا مناسب نہیں، ایسے بیانات سے عوام میں تشویش پیدا ہوئی اور لوگوں نے بھی اس پر ردعمل دیا، بانی پی ٹی آئی تک ہر صورت رسائی فراہم کرنا ہوگی کیونکہ یہ ان کا قانونی حق ہے، عمران خان کے اہلخانہ، وکلا اور متعلقہ افراد کو ملاقات اور ضروری معلومات تک رسائی سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے ملک کے مختلف صوبوں اور قومیتوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں کردار ادا کیا ہے، ملک میں موجود سیاسی بے چینی اور انتشار کے خاتمے کے لیے عمران خان کے خلاف مبینہ اقدامات کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، کیونکہ عمران خان دوبارہ مختلف طبقات کو متحد رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے عدلیہ کے کردار پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایک ہائیکورٹ جج کے پاس عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ جیل حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار موجود ہے، اگر ججز کے پاس یہ اختیارات موجود ہیں تو پھر عمران خان کے حقوق یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیوں نہیں کیے جا رہے، عمران خان کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات نہیں ہو رہی، عدلیہ کو میڈیا میں آنے والی رپورٹس اور عوامی تشویش کے ساتھ ساتھ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔
شیخ وقاص اکرم نے چیف جسٹس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر اڈیالہ جیل کا سپرنٹنڈنٹ عدالتی احکامات کو نظرانداز کر رہا ہے تو اس معاملے کا نوٹس لیا جانا چاہیے، ججز کو اپنے آئینی اختیار اور ذمہ داری کو پہچانتے ہوئے عمران خان کے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں لیکن بعض ایسے افراد کی بطور جج تعیناتی کی باتیں سامنے آ رہی ہیں جن کے بارے میں مبینہ طور پر کریمنل ریکارڈ موجود ہے، ایسے افراد کو ججز کیسے مقرر کیا جا سکتا ہے، یہ ملک اور عوام کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کسی بھی قسم کی سیاسی مداخلت کو مسترد کرتی ہے اور عدلیہ سمیت تمام اداروں کی آزادی اور آئینی کردار کی حمایت کرتی ہے، تحریک انصاف نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں حصہ نہیں لیا اور آج کے حالات نے ان کے مطابق ثابت کردیا ہے کہ پارٹی کا فیصلہ درست تھا، پاکستان تحریک انصاف کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے لیے اپنا مؤقف جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert