سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ علاج کیلئے بیرون ملک منتقل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ گھر میں گر کر شدید زخمی ہونے کے بعد ابتدائی علاج مکمل کروا کر مزید طبی معائنے اور معالجین کی دیکھ بھال کے لیے بیرون ملک منتقل ہو گئے۔ ہم نیوز کے مطابق خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق آرمی چیف اس وقت متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں جہاں دبئی کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا، یو اے ای میں ماہر ڈاکٹروں کی جانب سے تفصیلی چیک اپ کے بعد جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کی طبیعت پہلے سے کافی بہتر ہے، تاہم ان کے کچھ اہم طبی ٹیسٹوں کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے حتمی تجاویز، رپورٹس کے جائزے اور ہدایات کی روشنی میں ہی پاک فوج کے سابق سربراہ کی پاکستان واپسی کی تاریخ اور حتمی فیصلہ کیا جائے گا، فی الوقت سابق سپہ سالار کچھ دن متحدہ عرب امارات میں اپنے بیٹے کے پاس قیام کریں گے۔
یاد رہے کہ سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ تقریباً ساڑھے چار ماہ قبل اپنی رہائش گاہ پر اچانک پاؤں پھسلنے سے گرگئے تھے، جس کے نتیجے میں ان کے سر اور کمر پر شدید چوٹیں آئی تھیں، اس حادثے کے فوراً بعد انہیں سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کیا گیا جہاں وہ مسلسل 3 ہفتے تک زیرِ علاج رہے اور فوجی معالجین کی زیرِ نگرانی ان کی نگہداشت کی جاتی رہی۔
علاوہ ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر نے بھی سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کے ہسپتال میں زیرِ علاج ہونے کی باضابطہ تصدیق کی تھی، اس ضمن میں آئی ایس پی آر کی جانب سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی، جس میں بتایا گیا تھا کہ جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اپنی رہائش گاہ پر گرنے سے زخمی ہوئے، جس کے بعد وہ سی ایم ایچ میں زیر علاج رہے۔
