شناختی کارڈ بنوانے کیلئے کون سا میڈیکل ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا؟

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے شناختی کارڈ بنوانے کے عمل میں ایک نئی شرط عائد کرنے کا اعلان کرتے کہا ہے کہ شناختی کارڈ بنوانے کیلئے ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ لازمی قرار دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہر شہری کیلئے لازم ہوگا کہ وہ ہیپاٹائٹس سی کیلئے اسکریننگ کروائے۔ اسکریننگ کیلئے ادارہ شماریات کی جانب سے گیجٹ فراہم کیے گئے ہیں۔ اسکریننگ کا ریکارڈ نادرا کے ساتھ منسلک کردیاگیا۔
پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ وزارتِ صحت کے ملازمین کیلئے ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ لازمی ہوگا اور ٹیسٹ نہ کروانے والے ملازم کی تنخواہ روک لیں گے۔ وزراء سمیت تمام ملازمین کو ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ لازمی کروانا ہوگا۔
وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان بھر میں 1 کروڑ سے زائد افراد ہیپاٹائٹس سی کے مریض ہیں، پی ایم پروگرام کے تحت ہیپاٹائٹس کا مریض 68 ہزار روپے کی دوا مفت حاصل کرسکے گا۔ اسلام آباد میں مفت اسکریننگ کیلئے 17 پوائنٹس قائم کردئیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ نجی ہسپتالوں کو بھی ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کیلئے کٹس مہیا کی جائیں گی اور ملک بھر میں اسکریننگ ہوگی۔ سرکاری ملازمین کی اسکریننگ کیلئے تمام وزارتوں کو مراسلہ لکھا جارہا ہے۔
