نادرا درخواست کا اسٹیٹس گھر بیٹھے چیک کرنے کا آسان طریقہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے نادرا درخواست کا اسٹیٹس معلوم کرنے کا آسان طریقہ بتا دیا ہے۔ اب شہری گھر بیٹھے اپنی درخواست کی تازہ صورتحال جان سکتے ہیں اور انہیں دفتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں۔
نادرا کے مطابق درخواست کا اسٹیٹس معلوم کرنے کے لیے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ شہری پہلے ایپ میں لاگ اِن کریں اور اس کے بعد ’’ٹریکنگ‘‘ کے آپشن پر جائیں۔
پاک آئی ڈی ایپ سے اسٹیٹس کیسے چیک کریں؟
درخواست کی صورتحال جاننے کے لیے شہریوں کو اپنی سلپ پر موجود ٹریکنگ آئی ڈی اور پن کوڈ درج کرنا ہوگا۔ معلومات درست درج کرنے کے بعد درخواست کی موجودہ حالت اسکرین پر ظاہر ہوجائے گی۔

یہ سہولت خاص طور پر ان افراد کے لیے مفید ہے جنہوں نے شناختی کارڈ یا نادرا کی دیگر خدمات کے لیے درخواست جمع کرائی ہے اور اپنی درخواست کی پیش رفت جاننا چاہتے ہیں۔
ایس ایم ایس اور فون سے بھی سہولت دستیاب
نادرا نے درخواست کا اسٹیٹس معلوم کرنے کے لیے موبائل ایپ کے علاوہ دیگر ذرائع بھی فراہم کیے ہیں۔ شہری اپنی ٹریکنگ آئی ڈی 8400 پر ایس ایم ایس کرکے بھی درخواست کی صورتحال معلوم کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ نادرا کی ہیلپ لائن 1777 پر کال کرکے بھی درخواست سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
شناختی کارڈ بروقت وصول کرنا ضروری
نادرا کی جانب سے شہریوں کو شناختی کارڈ بروقت وصول کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ متعلقہ پالیسی کے مطابق شناختی کارڈ کی ڈلیوری کی آخری تاریخ گزرنے کے تین ماہ بعد اسے تلف کیا جاسکتا ہے۔
ایسی صورت میں شہری کو شناختی کارڈ دوبارہ بنوانے کے لیے نئی درخواست جمع کرانا اور مقررہ فیس ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔ اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ درخواست مکمل ہونے کے بعد شناختی کارڈ بروقت وصول کریں۔
نادرا درخواست کا اسٹیٹس معلوم کرنے کے لیے پاک آئی ڈی ایپ، ایس ایم ایس یا ہیلپ لائن کا استعمال کیا جاسکتا ہے، جس سے شہریوں کا وقت بھی بچے گا اور انہیں غیر ضروری طور پر نادرا دفاتر جانے کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی۔
