بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے ہسپتال منتقلی کے انتظامات مکمل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اڈیالہ جیل سے ہسپتال منتقلی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اے آروائی نیوز کے مطابق آئی جی اسلام آباد سمیت پولیس کی اعلیٰ قیادت شفا انٹرنیشنل ہسپتال پہنچ گئی، پولیس کے سینئر افسران نے آئی جی اسلام آباد کو سکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دی ۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے ہسپتال منتقلی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کرنے کی کوئی ڈیڈ لائن نہیں ، حکومت کی نظرثانی اپیل کا فیصلہ آج یا کل آجائےگا پھر چیزیں واضح ہو جائیں گی۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے دوبارہ نظرثانی اپیل دائر کر دی ہے، نظرثانی اپیل کا فیصلہ آج یا کل آ جائے گا، حکومت آئین اور قانون کی پابند ہے، حکومت اس بات پر بڑی واضح ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے کرمنل جسٹس سسٹم متاثر ہوگا، اس فیصلے بعد ماتحت عدالتوں کے پاس بھی کوئی عذر ہی نہیں رہے گا، کیا پھر ہر قیدی کو پرائیویٹ اسپتال منتقل کیا جائے گا؟ انہوں نے مزید ایک سوال پر کہا کہ نوازشریف کا اپنا شریف میڈیکل سٹی تھا، لیکن وہ جیل سے سرکاری سروسز اسپتال گئے تھے، ان کیلئے ڈاکٹرز کے میڈیکل بورڈ نے بیرون ملک علاج کرانا تجویز کیا تھا۔

WhatsApp
Get Alert