سرانان پولیس اسٹیشن پر دھماکہ بدامنی اور دہشت گردی کا تسلسل ہے، جنوبی پشتونخوا میں بدامنی کے تشویشناک واقعات کے خلاف تمام جمہوری و سیاسی قوتیں متحد ہو کر مشترکہ جدوجہد کریں: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی
صوبائی و وفاقی حکومتیں عوام کے جان و مال اور سرکاری املاک کے تحفظ میں مکمل ناکام ہوچکی ہیں، نااہل حکمرانوں کو حکمرانی کا حق نہیں

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ): پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ، چمن کی اہم اور مرکزی شاہراہ پر سرانان کے مقام پر پولیس اسٹیشن کو دھماکوں سے تباہ کرنے کے تشویشناک اقدام کو جنوبی پشتونخوا کے بیشتر علاقوں میں ایک عرصے سے جاری بدامنی اور دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل قرار دیتے ہوئے، بدامنی کی اس صورتِ حال پر حکومت کے اختیار کردہ پشتون دشمن طرزِ عمل کی پُرزور مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے پشتون علاقوں میں جاری بدامنی اور دہشت گردی کے پشتون دشمن واقعات سے ہمارے عوام پر بخوبی واضح ہو گیا ہے کہ صوبائی و وفاقی حکومتیں اور امن و امان قائم کرنے والے ادارے ہمارے عوام کی جان و مال اور ہمارے علاقوں میں سرکاری اداروں کے تحفظ کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں شرمناک حد تک ناکام ہو چکے ہیں۔ ایسے حالات میں اس ناکام اور نااہل حکومت کی حکمرانی کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی پشتونخوا کے اضلاع ہرنائی، زیارت، دکی، لورالائی اور کوئٹہ کے ہنہ اوڑک میں دہشت گردانہ واقعات، کوئلہ مزدوروں کی وحشیانہ ہلاکتوں، کوئلہ ٹرکوں کو جلانے، نہتے شہریوں اور سرکاری ملازمین کی شہادتوں، تعمیراتی کمپنیوں کی مشینری کو نذرِ آتش کرنے، سڑکوں، پلوں اور آب پاشی کے ڈیموں کو دھماکوں سے تباہ کرنے کے بعد سرانان جیسے مرکزی شاہراہ پر واقع پولیس اسٹیشن اور سرکاری عمارتوں کو دن دہاڑے ہزاروں عوام کے سامنے دھماکوں سے تباہ کرنے کے دہشت گردانہ واقعات نے انتہائی تشویشناک صورتِ حال اختیار کر لی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بدامنی اور دہشت گردی کی ان پشتون دشمن کارروائیوں کا ارتکاب جس بھی تنظیم یا گروہ نے کیا ہو، لیکن ان تمام پشتون دشمن اقدامات کی بنیادی ذمہ داری صوبائی اور وفاقی حکومتوں اور امن و امان قائم کرنے والے متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے، کیونکہ عوام کے جان و مال اور سرکاری و عوامی املاک کا تحفظ ریاست اور اس کے اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے۔ ایسے نااہل اور پشتون دشمن حکمرانوں کو حکمرانی کا کوئی حق حاصل نہیں۔ بیان میں پشتونخوا وطن کے وطن پال عوام اور قومی و جمہوری سیاسی قوتوں پر واضح کیا گیا ہے کہ انہیں اپنے عوام کی جان و مال کے تحفظ اور اپنے محبوب وطن کے امن کو اپنے اتحاد، اتفاق اور قومی طاقت کے ذریعے یقینی بنانا ہوگا۔ بیان میں عوام، جمہوری سیاسی قوتوں اور سیاسی جماعتوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بدامنی اور دہشت گردی کی اس تشویشناک صورتِ حال میں اپنا قومی فریضہ ادا کرنے کے لیے متحد، منظم اور متحرک ہوں اور اپنے عوام کے تحفظ، امن و امان اور بنیادی حقوق کے لیے مشترکہ جدوجہد کو آگے بڑھائیں۔
