آٹے کی قیمت میں بڑا اضافہ، 20 کلو تھیلا مزید مہنگا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد: آٹے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے اور ملک کے مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کے نرخ بڑھ گئے ہیں۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (PBS) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کئی شہروں میں آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 20 سے 100 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی اوسط قیمت ملک میں سب سے زیادہ 3 ہزار 133 روپے 33 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔ راولپنڈی میں یہی تھیلا تقریباً 3 ہزار 93 روپے 33 پیسے میں فروخت ہورہا ہے۔
خضدار میں آٹے کی قیمت میں ہفتہ وار بنیاد پر سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں 20 کلو تھیلا 100 روپے مہنگا ہوگیا۔ بہاولپور میں قیمت 60 روپے، حیدرآباد میں 40 روپے جبکہ لاڑکانہ اور کوئٹہ میں 20، 20 روپے کا اضافہ ہوا۔
دستیاب سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 3 ہزار 100 روپے، کراچی میں 3 ہزار روپے اور بنوں میں 2 ہزار 900 روپے تک فروخت ہورہا ہے۔
کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت تقریباً 2 ہزار 700 روپے جبکہ لاہور میں یہ تقریباً 2 ہزار 300 روپے میں دستیاب ہے۔ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، ملتان اور بہاولپور میں 20 کلو تھیلے کی قیمت تقریباً 2 ہزار 800 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسی طرح سکھر میں آٹے کا 20 کلو تھیلا تقریباً 2 ہزار 580 روپے جبکہ لاڑکانہ میں 2 ہزار 620 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
آٹے کے نرخوں میں مسلسل اضافے سے شہریوں کے گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ پڑ رہا ہے۔ خصوصاً کم اور متوسط آمدنی والے خاندان بنیادی ضرورت کی اس اہم غذا کی بڑھتی قیمتوں سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔
حالیہ اضافے نے روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں سے متعلق عوامی تشویش میں بھی اضافہ کردیا ہے، جبکہ شہریوں کی نظریں اب آٹے کے نرخوں میں ممکنہ استحکام اور حکومتی اقدامات پر ہیں۔
آٹے کی قیمت میں مختلف شہروں کے درمیان واضح فرق بھی سامنے آیا ہے، جس کی وجہ سے صارفین کو اپنے علاقے میں مقررہ سرکاری یا مارکیٹ نرخ کے مطابق خریداری کرنا پڑ رہی ہے۔
