نادرا مراکز پر پاسپورٹ سہولت، شہریوں کیلئے بڑی آسانی کی تیاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) شہریوں کو سرکاری دستاویزات کے حصول میں آسانی دینے کیلئے نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر پاسپورٹ سے متعلق سہولیات فراہم کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ایک ہی جگہ پر نادرا اور امیگریشن اینڈ پاسپورٹس سے متعلق سہولیات فراہم کرنا ہے، جس سے مختلف سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت کم ہوسکتی ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے نادرا ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں اداروں کے درمیان تعاون مزید مؤثر بنانے اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی بہتر کرنے کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی گئی۔ حکام نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور سرکاری خدمات کو مزید آسان بنانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
اجلاس میں موبائل ایپ کے ذریعے خدمات کی فراہمی، ڈیجیٹل نظام میں بہتری اور متعلقہ پالیسی اصلاحات سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ نادرا اور امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے درمیان بہتر رابطے سے شہریوں کو سرکاری خدمات تک رسائی میں مزید آسانی پیدا کی جاسکتی ہے۔ اگر تجویز پر عملدرآمد ہوتا ہے تو نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر پاسپورٹ سے متعلق بعض سہولیات کی دستیابی شہریوں کیلئے ایک اہم سہولت ثابت ہوسکتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert