سابق کرکٹر جاوید میانداد اور معین خان کے بعد باسط علی کا بھی عمران خان کے علاج کا مطالبہ


لاہور (قدرت روزنامہ) سابق کرکٹر جاوید میانداد اور معین خان کے بعد باسط علی نے بھی عمران خان کے علاج کا مطالبہ کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ویڈیو پیغام میں باسط علی کا کہنا تھا کہ ’میری عمران بھائی کے ساتھ پرانی یادیں ہیں، عمران خان پاکستان کے کپتان رہ چکے ہیں، انہوں نے پاکستان کو ورلڈ کپ جتوایا، ان کی دنیا میں بڑی عزت ہے ، ہماری بھی اور ہماری فیملی کی بھی اور ہمارے ساتھیوں کی بھی خواہش یہی ہے کہ عمران بھائی جہاں بھی ہوں خیروعافیت کے ساتھ ہوں، اگر انہیں علاج معالجے کی ضرورت ہو تو حکومت کو چاہیئے انہیں فراہم کریں، یہ میری حکومت سے ذاتی درخواست بھی ہے، ہماری عمران خان کے ساتھ پرانی یادیں بھی ہیں‘۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز معین خان نے سابق وزیراعظم اور ورلڈ کپ 1992 کی فاتح ٹیم کے کپتان عمران خان کے لیے آواز بلند کی۔
54 سالہ معین خان کا کہنا تھا کہ ’’ارباب اختیار سے درخواست ہے کہ عمران خان کو صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں، انہیں بطور سابق وزیراعظم اور پاکستانی شہری بنیادی حقوق فراہم کئیے جائیں ۔
معین خان نے مزید کہا کہ میری باقی کرکٹرز سے بھی اپیل ہے کہ وہ بھی عمران خان کے لیے آواز بلند کریں کیوں کہ پاکستان کے لیے عمران خان کا کو کنٹربیوشن ہے اس سے انکار ممکن نہیں، ہم سب ان کی کپتانی میں ہی کرکٹ کھیلے‘ ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد اور آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز نے بھی عمران خان کے حق میں آواز اٹھائی تھی۔

WhatsApp
Get Alert