دکی لونی میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے تین سگے بھائیوں کی شہادت پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا شدید دکھ اور مذمت کا اظہار

حکومت دکی واقعے کی شفاف تحقیقات کرے، متاثرہ خاندان کو مالی معاونت اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے: پارٹی کا مطالبہ


صوبے میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بارودی سرنگوں کے واقعات نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، ریاستی ادارے تحفظ یقینی بنائیں
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے دکی لونی کے علاقے کلی بختیار خان میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں تین سگے بھائیوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں مسلسل دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، اغوا، بارودی سرنگوں کے دھماکوں اور دیگر پرتشدد واقعات نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ حکومت اور ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، لیکن بدقسمتی سے آئے روز پیش آنے والے افسوسناک واقعات کے باعث عوام میں شدید خوف و ہراس اور عدم تحفظ پایا جاتا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ دکی لونی کے علاقے کلی بختیار خان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک ہی خاندان کے تین سگے بھائیوں کی شہادت انتہائی المناک اور دلخراش واقعہ ہے۔ ایک ہی خاندان کے تین نوجوانوں کا اس طرح جان سے ہاتھ دھونا نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی شہید ہونے والے تینوں بھائیوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ متاثرہ خاندان کو فوری مالی معاونت فراہم کی جائے، واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا کہ حالیہ عرصے کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ زیارت کے مانگی کے علاقے میں دہشت گردی کے واقعے میں 31 پولیس اہلکاروں کی شہادت ایک انتہائی سنگین سانحہ ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کی شہادت نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر کئی سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔ پارٹی شہید پولیس اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے بھی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ ان واقعات کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ پارٹی نے کہا کہ زیارت کے المناک واقعے کے ساتھ ساتھ ہرنائی کے شاہرگ، دکی، ہنہ اوڑک، زیارت، سرانان، قلعہ عبداللہ اور دیگر علاقوں میں دہشت گردی، اغوا، ٹارگٹ کلنگ اور پرتشدد واقعات کا مسلسل سلسلہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام، مزدور، پولیس اہلکار، سیاسی کارکن اور دیگر شہری محفوظ نہیں رہے۔ خصوصاً دکی اور ہرنائی کے کان کنی کے علاقوں میں محنت کش طبقہ مسلسل خطرات سے دوچار ہے، جس کے باعث ان کے روزگار اور زندگی دونوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا کہ بارودی سرنگوں کا مسئلہ انتہائی سنگین صورت اختیار کر چکا ہے۔ دیہی علاقوں، پہاڑی راستوں، کھیتوں، آبادیوں اور آمدورفت کے راستوں میں بارودی سرنگوں کی موجودگی عام شہریوں کے لیے مستقل خطرہ بنی ہوئی ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے تمام علاقوں کی نشاندہی کرکے ماہر اور تربیت یافتہ ٹیموں کے ذریعے بارودی سرنگوں کی صفائی کا فوری اور مؤثر انتظام کرے، تاکہ مزید قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔ پارٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے محض وقتی کارروائیاں اور رسمی بیانات کافی نہیں ہیں۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو سنجیدگی سے اس امر کا جائزہ لینا ہوگا کہ مسلسل دہشت گردی کے واقعات کے اصل محرکات کیا ہیں، ان کے ذمہ دار کون ہیں، انہیں وسائل اور سہولت کاری کہاں سے حاصل ہوتی ہے اور ان کے خلاف مستقل بنیادوں پر مؤثر کارروائی کیوں نہیں ہو رہی۔ عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ انہیں امن و امان کی صورتحال اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اختیار کی جانے والی پالیسیوں کے بارے میں واضح اور تسلی بخش جواب دیا جائے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ دکی لونی، کلی بختیار خان میں ہونے والے بارودی سرنگ کے دھماکے سمیت حالیہ تمام دہشت گردی کے واقعات کی شفاف، غیر جانب دارانہ اور مکمل تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے، جبکہ شہداء کے خاندانوں اور زخمیوں کو فوری مالی و طبی امداد فراہم کی جائے۔ متاثرہ خاندانوں کی مناسب اور مستقل بنیادوں پر کفالت کا بھی مؤثر انتظام کیا جائے۔ پارٹی نے کہا کہ عوام کو امن، تحفظ، انصاف، تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا ریاست اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ عوام کو مزید دہشت گردی، خوف اور عدم تحفظ کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام کے تحفظ کے لیے ٹھوس، مؤثر اور دیرپا اقدامات کرے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے واضح اور جامع حکمتِ عملی اختیار کرے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے واضح کیا کہ وہ ہر قسم کی دہشت گردی، انتہاپسندی، تشدد، اغوا، ٹارگٹ کلنگ اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے جمہوری، سیاسی اور عوامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیتی ہے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حکومت اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں پوری کرے، تاکہ بلوچستان کے عوام خوف و دہشت کے بجائے امن، تحفظ اور باعزت زندگی گزار سکیں۔

WhatsApp
Get Alert