ایم کیو ایم پاکستان کے اندر اختلافات نیچے تک سرائیت کر چکے ہیں، مصطفیٰ کمال کا اعتراف

کراچی(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے اندر اختلافات ہیں اور ان اختلافات کو پارٹی الیکشن کے بغیر ختم نہیں کیا جاسکتا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پارٹی کے اندر بالکل اختلافات ہیں، جو نیچے تک سرائیت کر گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم مضبوط صرف پارٹی الیکشن سے ہوگی جو اکتوبر میں ہے، اختلافات دور کرنے کی بہت کوشش کی، ہو سکتا ہےکہ کوئی کمی رہ گئی ہو، پارٹی الیکشن کے بغیر ان اختلافات کو ختم نہیں کیا جاسکتا، الیکشن میں کارکنان جس کوکامیاب اور ناکام کریں سب کو قبول کرنا ہوگا۔
مصطفٰی کمال نے پیپلز پارٹی کو جواب دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پیپلزپارٹی کو ایم کیو ایم سے متعلق فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے، سندھ حکومت کے معاملے پر ایم کیو ایم میں کوئی اختلافات نہیں ہیں، پیپلزپارٹی کی خراب حکمرانی پر کوئی کنفیوژن نہیں ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق مقامی حکومتوں کو اختیارات ملنے سے ایم کیو ایم کو کیا فائدہ ہوتا؟ مجوزہ آئینی ترمیم مان لیتے تو آج گلی کوچوں میں اختیارات اور وسائل ہوتے، 28ویں ترمیم میں ہماری فتح یا ناکامی نہیں ہوگی بلکہ ملک کی فتح اورناکامی ہوگی۔
