پنجاب اور سندھ میں مخصوص خاندانوں کی حکومتیں بنتی آرہی ہیں، 2 خاندان پاکستان پر مسلط ہیں: وزیر اعلیٰ پختونخوا

حیدرآباد(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے پنجاب اور سندھ میں مخصوص خاندانوں کی حکومتیں بنتی آرہی ہیں، دوخاندان پورے پاکستان پر مسلط ہیں۔
حیدرآباد کے حیدر چوک پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ نہ پہلے پاکستان سےمخلص تھے نہ آگے ہوں گے، ان لوگوں نے اپنے مفادات کو بالاتر رکھا ہے۔
اس سے قبل ٹنڈو جام ٹول پلازا پر خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا سندھ کی روایت ہے مہمانوں کا استقبال کرتے ہیں، یہ راستے میں جتنی رکاوٹیں ڈالیں لیکن کراچی لازمی پہنچوں گا۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ بلاول زرداری کے لیے پیغام ہے آپ مانیں جو ہو رہا ہے یہ آپ کی حکومت کر رہی ہے، اگرنہیں تونام لیں کون کررہا ہے، آپ جو کررہےہیں یہ سندھ کی روایت نہیں۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواسہیل آفریدی کراچی پہنچ گئے ، وہ حلیم عادل شیخ کے ہمراہ کراچی پہنچے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ٹول پلازا پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل بلاول نے خوش آمدید کا ٹوئٹ کیا آج راستے بند کر دیے گئے،ہمیں کچے سے آنا پڑا۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ان کا اپنے وزیراعلیٰ پر حکم نہیں چلتا یا کسی اور کی حکومت ہے، کراچی ہمیشہ مظلوم رہاہے ہر کوئی کراچی کو کھاتا ہے، حکومت ججز کے حکم کو جوتے کی نوک پر رکھتی ہے۔ دوخاندان پورے پاکستان پر مسلط ہیں۔
