ایک ہفتے کیلئے کراچی بند کردیں، یہ سب ہمارے پاؤں پکڑیں گے، سہیل آفریدی

کراچی(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے حکمران سندھ کے رہنے والوں کی بدقسمتی ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ بار کونسل میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ ان کے دورہ سندھ کا آخری پروگرام ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ سندھ کے عوام نے انہیں بہت عزت دی، جس ہمت اور بہادری سے انہوں نے جبر کا مقابلہ کیا، اس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف بلاول بھٹو زرداری انہیں ٹوئٹ کرکے خوش آمدید کہتے ہیں اور دوسری طرف کراچی میں انہیں روکنے کے لئے کنٹینرز رکھے جاتے ہیں۔

ایک ماں جیسی خاتون کے گلے سے پارٹی پرچم اتروایا گیا، کیا سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت نہیں؟ پھر بتایا جائے کہ یہ کس کی حکومت ہے؟

سہیل آفریدی نے کراچی کی سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کو ہونے والی تکلیف پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اگر سندھ کے عوام تقسیم کے خلاف ہیں تو وہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پیپلز پارٹی سندھ کی تقسیم سے نالاں ہے تو منافقت چھوڑ کران کا ساتھ دے۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ عدلیہ اپنا وقار کھو رہی ہے اور عوام کا اداروں سے اعتماد ختم ہو رہا ہے۔ انہوں نے 27 ستمبرکوساتھ دینے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے کے لیے کراچی بند کردیں، یہ سارے ہمارے پاؤں پکڑیں گے، ہمت پیدا کریں۔

نئے صوبوں کے معاملے پر سہیل آفریدی نے کہا کہ تحریک انصاف کی پالیسی عمران خان سے پوچھ کر واضح کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ڈیل کرلیں تو کل وزیراعظم بن سکتے ہیں، جو شخص ہمارے لیے کھڑا ہے، ہم اس کے لیے کھڑے ہوں گے۔

WhatsApp
Get Alert