ایس سی او اجلاس کی تیاریاں، ای سی سی نے سربراہان مملکت کے لیے 30 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دے دی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ستمبر 2027 میں پاکستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے دوران سربراہان مملکت کی آمدورفت کے لیے 30 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کی خاطر 6.6 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کرلی۔
وی نیوز کے مطابق ای سی سی نے فاطمہ فرٹیلائزرز اور ایگری ٹیک کو موجودہ انتظامات کے تحت 30 ستمبر 2026 تک گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی بھی منظوری دیدی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا، جس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی جانب سے پیش کی گئی سمریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ستمبر 2027 میں پاکستان میں منعقد ہونے والے ایس سی او سربراہی اجلاس کے دوران سربراہان مملکت کی آمدورفت کے لیے بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری سے متعلق 12.6 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی سمری پر غور کیا گیا۔ای سی سی نے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لینے اور بھرپور مشاورت کے بعد 30 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے 6.6 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی۔کمیٹی نے کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ اضافی ضرورت پیش آنے کی صورت میں دوبارہ سمری پیش کی جائے، جبکہ کسی بھی اضافی طلب کے لیے ضرورت کا جامع تجزیہ کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر معاملہ دوبارہ ای سی سی کے سامنے رکھا جائے۔
اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے تمباکو کی فصل کی کم از کم اشاری قیمتوں اور مالی سال 2027 کے لیے سیس کی شرح میں نظرثانی سے متعلق سمری کا بھی جائزہ لیا گیا۔ جامع بحث کے بعد ای سی سی نے قرار دیا کہ اس تجویز کے لیے مزید مدلل بنیادوں کی ضرورت ہے۔ کمیٹی نے ایجنڈا موخر کرتے ہوئے وزارت کو قابل جواز تجزیے کے ساتھ تجویز دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
کمیٹی نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے گوادر فری زون سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد سے متعلق مسائل کے حل کے لیے قائم کردہ کمیٹی کی سفارشات کا بھی جائزہ لیا۔ای سی سی نے متعلقہ وزارت کی جانب سے تجویز کردہ تمام لازمی حفاظتی تدابیر کے ساتھ سفارشات کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں فاطمہ فرٹیلائزرز اور ایگری ٹیک کو موجودہ انتظامات کے تحت 30 ستمبر 2026 تک گیس کی فراہمی جاری رکھنے سے متعلق وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی تجویز بھی منظور کرلی گئی۔
ای سی سی نے وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے دانش سکولز اتھارٹی فنڈ کے لیے انڈومنٹ فریم ورک کے تحت تکنیکی ضمنی گرانٹ سے متعلق سمری کی بھی منظوری دے دی۔اجلاس میں پاکستان اسکلز امپیکٹ بانڈ کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کو حکومت پاکستان کی ضمانت کی مدت میں توسیع سے متعلق اس اقدام پر ٹھوس پیش رفت سے آگاہ کرنے کے لیے 30 ستمبر 2026 کی ڈیڈ لائن دے دی۔
